ویکسین ساز کمپنی کے 50 ملازمین کورونا متاثر

   

بھارت بائیو ٹیک کے عہدیدار کے ٹوئیٹ پر عوام کے سوالات
حیدرآباد: عام آدمی کورونا متاثر ہو تو بات سمجھ میں آتی ہے لیکن کورونا ویکسین تیار کرنے والی کمپنی کے ملازمین بڑی تعداد میں کورونا کا شکار ہوں تو پھر ویکسین کے اثر کے بارے میں کیا تاثر رہے گا۔ بھارت بائیوٹیک جو کو ویکسین نامی ٹیکہ تیار کرنے والی کمپنی ہے ، اس کے 50 ملازمین کورونا متاثر ہوئے ہیں۔ کمپنی کے مینجنگ ڈائرکٹر سوچترا ایلانے ٹوئیٹ کرکے انکشاف کیا کہ 50 ملازمین کورونا پازیٹیو پائے گئے ۔ ٹوئیٹ کے بعد مختلف گوشوں سے یہ سوال کیا جارہا ہے کہ کمپنی نے خود اپنے ملازمین کو ویکسین کیوں نہیں دیا یا پھر اگر انہوں نے ویکسین لیا تھا تو پھر پازیٹیو کیسے ہوئے ہیں۔ ویکسین کی سربراہی میں تاخیر سے متعلق سیاسی جماعتوںکی تنقیدوں کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر ایلا نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ بعض ریاستوں کو کورونا کی ویکسین کی سربراہی کے بارے میں کمپنی سے شکایت ہے۔ ہمارے 50 ملازمین کورونا پازیٹیو پائے جانے کے باعث کام سے دور ہیں ۔ باوجود اس کے کہ کمپنی عوام کے لئے 24 گھنٹے ویکسین کی تیاری میں مصروف ہیں۔ کئی افراد نے جوابی ٹوئیٹ کرتے ہوئے بھارت بائیوٹیک کے ملازمین کے کورونا کا شکار ہونے کی وجوہات پر سوال اٹھائے ہیں۔ ایک شخص نے یہاں تک کہہ دیا کہ کمپنی ویکسین کی تیاری کیلئے ملازمین کو عارضی طور پر تقرر کیوں نہیں کرتی۔