ترواننتاپورم، 14 مئی (یو این آئی) کانگریس نے آج سینیئر لیڈر وی ڈی ستیشن کو چیف منسٹر کیرالا منتخب کرلیا ہے ۔ اس فیصلے کے ساتھ ریاست میں یو ڈی ایف کی انتخابی جیت کے بعد کئی دنوں کی سیاسی غیر یقینی صورتحال ختم ہو گئی ہے ۔ یہ اعلان پارٹی ہیڈ کوارٹر میںمنعقدہ پریس کانفرنس میںکیا گیا، ۔ سینیئر کانگریس قائدین اجے ماکین، مکل واسنک اور دیپا داس منشی نے اس فیصلے سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق، یہ فیصلہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سینیئر لیڈر راہول گاندھی کی اعلیٰ سطح کی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے ۔ اسمبلی انتخابات 2026 میں یو ڈی ایف کی کامیابی کے بعد چیف منسٹر کے انتخاب پر ایک ہفتے سے جاری بحث اب اختتام کو پہنچ گئی ہے ۔ ہائی کمان نے 2021 سے بطور قائد اپوزیشن ستیشن کی کارکردگی، کیرالا کانگریس میں ان کے مضبوط تنظیمی اثر و رسوخ اور انتخابی مہم میں سرگرم کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کا انتخاب کیا۔ اب کانگریس باضابطہ گورنر راجیندر وشوناتھ ارلیکر سے ملاقات کر کے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کرے گی، جبکہ اتحادی جماعتیں، جن میں انڈین یونین مسلم لیگ بھی شامل ہے ، کابینہ میں نمائندگی اور محکموں کی تقسیم پر مزید مشاورت کریں گی۔ ذرائع کے مطابق، ترواننتا پورم میں حلف برداری تقریب کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ آئینی طریقہ کار کی تکمیل اور اتحادیوں کی حتمی منظوری کے بعد اس تقریب کا وقت طے کیا جائے گا۔ اگرچہ ابھی قطعی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا، تاہم اشارے ملے ہیں کہ یہ تقریب آئندہ چند دنوں میں منعقد ہو سکتی ہے ۔