وی ہنمنت راؤ سے سابق گورنر بنڈارو دتاتریہ کی ملاقات

   

پسماندہ طبقات کے مسائل کی یکسوئی کیلئے نیک تمنائیں
حیدرآباد ۔22۔ مئی (سیاست نیوز) سابق گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ نے تلنگانہ حکومت کے مشیر برائے بی سی طبقات وی ہنمنت راؤ سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ بنڈارو دتاتریہ نے پسماندہ طبقات کے مسائل کے حل اور قومی سطح پر طبقاتی مردم شماری کی جدوجہد کی ستائش کی۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کے مشیر برائے پسماندہ طبقات کے عہدہ پر تقرر پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہنمنت راؤ ہمیشہ پسماندہ طبقات کے مسائل پر جدوجہد کرتے رہے ہیں۔ بنڈارو دتاتریہ نے امید ظاہر کی کہ حکومت کے مشیر کے طور پر ہنمنت راؤ حکومت کو بی سی طبقات کی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں موثر رہنمائی کریں گے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے طبقاتی سروے کا کامیاب اہتمام کرتے ہوئے ملک کو نئی روشنی دکھائی ہے۔ کانگریس قائد راہول گاندھی کے مسلسل دباؤ پر مرکزی حکومت نے مردم شماری میں تمام طبقات کی تفصیلات درج کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہنمنت راؤ نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا جس میں مردم شماری میں تمام طبقات کی تفصیلات حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مردم شماری کے ذریعہ ملک میں پسماندہ طبقات کی حقیقی آبادی کا پتہ چلے گا۔1/k/m/b