ٹاملناڈوکی پٹاخہ فیکٹری میں دھماکہ، 6 افراد ہلاک

   

چنائی :ٹاملناڈو میں ورودھ نگر ضلع کے ستور علاقے میں ایک پٹاخہ بنانے والی فیکٹری میں دھماکہ ہوا ہے۔ اطلاع کے مطابق اس حادثے میں 6 افراد کی موت ہوگئی ہے جبکہ کئی افراد زخمی بتائے جاتے ہیں۔ فائر بریگیڈ ڈپارٹمنٹ نے حادثے کی معلومات فراہم کرتے ہوئے 6 نعشوںکے برآمد ہونے کی اطلاع ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فیکٹری میں چار کمرے تھے جو دھماکہ کے بعد تباہ ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ دستہ موقع پر پہنچا اور کچھ زخمیوں کو ہاسپٹل میں داخل کرایا۔ حادثے کی وجہ ابھی تک پتہ نہیں چل سکی ہے لیکن تصور کیا جا رہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے یہ دھماکہ ہوا۔ حادثے میں مرنے والے سبھی 6 افراد فیکٹری کے ہی ملازم تھے۔واضح ہو کہ ٹاملناڈو کے ورودھ نگر ضلع میں کئی پٹاخہ فیکٹری ہیں اور یہاں اس طرح کے کئی حادثے پہلے بھی ہو چکے ہیں۔ چیف منسٹرایم کے اسٹالن نے گزشتہ سال ہوئے ایک حادثے کے بعد پٹاخہ فیکٹریوں میں سیفٹی ریگولیشن کی جانچ کرنے کی ہدایت دی تھی۔ حالانکہ اس کے باوجود وہاں حادثہ نہیں رک رہے ہیں۔اس سے پہلے ریاست کے ورودھ نگر ضلع میں پٹاخہ فیکٹریوں میں آگ لگنے کی دو وارداتیں ہوئی تھیں جس میں 14 لوگوں کی جان چلی گئی تھی۔
پہلا واقعہ رنگا پلیم علاقہ میں پیش آیا تھا۔ پولیس نے بتایا تھا کہ پٹاخہ کے نمونہ تجربہ کے دوران یہ حادثہ ہوا تھا۔دوسری طرف تلنگانہ کے یدادری بھون گیری ضلع میں ہفتہ کو ایک فیکٹری میں دھماکہ سے ایک شخص کی موت ہو گئی اور ایک دیگر زخمی ہو گیا۔ پولیس نے بتایا کہ زخمی شخص کا علاج ہاسپٹل میں جاری ہے اور اس کی حالت مستحکم ہے۔