چنئی 14 مئی : (ایجنسیز) ٹاملناڈو کے چیف منسٹر وجئے نے سرکاری ملازمین اور اساتذہ کیلئے مہنگائی الاؤنس میں 2 فیصد اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد مہنگائی الاؤنس یکم جنوری 2026 سے 58 فیصد سے بڑھ کر 60 فیصد ہوجائے گا۔ دفتر چیف منسٹر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس فیصلے سے تقریباً 16 لاکھ سرکاری ملازمین، اساتذہ اور پنشن یافتگان کو فائدہ حاصل ہوگا۔ حکومت کے مطابق اس اضافہ سے سرکاری خزانے پر اضافی مالی بوجھ بھی پڑے گا۔ کہا گیا کہ ریاست میں مختلف عوامی فلاحی منصوبوں کو مؤثر انداز میں نافذ کرنے میں سرکاری ملازمین اور اساتذہ کا کردار نہایت اہم ہے۔ حکومت نے ان کی خدمات کے پیش نظر اس اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر وجئے نے کہا کہ ان کی حکومت عوامی فلاح، سماجی انصاف، مساوی مواقع اور سیکولر اقدار کے تحفظ کیلئے مسلسل کام کرتی رہے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عام عوام کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح رہے گی۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے خواتین کیلئے جاری کلیگنار میگلیر اورمائی تھوگئی اسکیم کی مئی 2026 کی قسط جلد جاری کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ اس اسکیم کے تحت مستحق خواتین کو ہر ماہ ایک ہزار روپے کی مالی امداد دی جاتی ہے۔ حکومت نے واضح کیا کہ سابق ڈی ایم کے حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اس اسکیم میں اصلاحات کی جائیں گی، تاہم موجودہ مستفید خواتین کو امداد کی فراہمی جاری رہے گی۔ اس وقت اس اسکیم سے تقریباً 13.1 ملین خواتین فائدہ اٹھا رہی ہیں۔