ٹاملناڈو میں کیرالا کی بس کو خوفناک حادثہ ،20افراد ہلاک

,

   

چینائی20فروری (سیاست ڈاٹ کام ) تمل ناڈو کے ضلع ترپور کے اویناشی کے پاس قومی شاہراہ پر جمعرات کی صبح ایک لاری کے کیرالہ اسٹیٹ روڈویزٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی ) کی بس میں ہونے والی شدیدٹکر میں کم از کم 20افراد کی موت ہو گئی جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے ۔پولیس کے مطابق ہلاک شدگان میں پانچ خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں کئی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جنہیں سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت ہوا جب کے ایس آر ٹی سی کی ایک وولوو بس سلیم سے تروندرم جا رہی تھی۔ اس دوران چھ لین والے قوی شاہراہ پر مخالف سمت سے آنے والی ایک لاری اچھل کر بس کے سامنے آ گئی اور اس کے اندر جا گھسی۔یہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کسی بھی بس مسافر کو اپنے بچاؤ کا موقع تک نہیں ملا۔پولیس نے بتایا کہ لاری پر ٹائل لدا ہوا تھا جس کی وجہ سے حادثے نے اتنا خوفناک شکل اختیار کر لیا۔ اس حادثے میں وولوو بس کے پرخچے اڑ گئے ۔ اس کی وجہ سے آگ بجھانا اور ریسکیو ٹیم کے عملہ کو زخمیوں کو باہر نکالنے میں سخت محنت کرنا پڑی۔ریسکیو اہلکاروں کو بس میں سے ہلاک شدگان کی لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالنے کے لئے گیس کٹر کا استعمال کرنا پڑا۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثہ کے وقت بس میں 48 مسافر سوار تھے ۔اس دوران ضلع مجسٹریٹ وجیا کارتکئین جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔اس دردناک حادثے کی اطلاع پڑوسی ضلع پلکّڈ کے انتظامیہ کو بھی دے دی گئی ہے ۔