واشنگٹن : امریکی حکام نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ڈونالڈ ٹرمپ اور کملاہیریس کی انتخابی مہم کو نشانہ بنا کر امریکی صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ تہران نے ان الزامات کی سخی سے تردید کی ہے۔ امریکہ کی سیکوریٹی ایجنسیوں نے پیر کے روز ایران پر الزام عائد کیا کہ وہ رواں برس ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل ڈونالڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کو نشانہ بنانے کے لیے سائبر حملے کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ وفاقی تفتیشی ادارے ایف بی آئی، سائبر سیکوریٹی اور انفراسٹرکچر سیکوریٹی ایجنسی سمیت مختلف سیکوریٹی ایجنسیوں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم نے اس انتخابی دور کے دوران تیزی سے جارحانہ ایرانی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا ہے۔