ٹرمپ ایک بار پھر ایلون مسک کو مشیر منتخب کرنے تیار

   

واشنگٹن: ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کو بطور مشیر منتخب کرنے کے لیے تیار ہیں۔ڈونالڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایلون مسک بہت ذہین اور شاندار آدمی ہیں، اگر میں انتخابات میں کامیاب ہو جاتا ہوں تو یقینی طور پر اپنی کابینہ میں اُنہیں بطور مشیر شامل کروں گا۔یاد رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ گزشتہ ماہ پنسلوانیا میں انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں بال بال بچ جانے کے بعد سے ایلون مسک سے قریب تر ہو رہے ہیں۔دوسری جانب ایلون مسک بھی سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ڈونالڈ ٹرمپ کی بھرپور حمایت کرتے نظر آ رہے ہیں۔صرف اتنا ہی نہیں بلکہ ایلون مسک نے رواں ماہ کے آغاز میں سوشل میڈیا سائٹ پر ڈونالڈ ٹرمپ کا ایک انٹرویو بھی لیا اور آئندہ صدارتی انتخابات میں ڈونالڈ ٹرمپ کے لیے اپنی حمایت ظاہر کی۔واضح رہے کہ ماضی میں بھی ڈونالڈ ٹرمپ کے دورِ اقتدار کے آغاز میں ایلون مسک نے مختصر عرصے کے لیے وائٹ ہاؤس میں بطور بزنس ایڈوائزر کام کیا تھا۔اُنہوں نے 2017ء میں ڈونالڈ ٹرمپ کے پیرس ماحولیاتی معاہدے سے نکلنے پر استعفیٰ دے دیا تھا۔