تہران ۔ 14 اگست (ایجنسیز) ایران نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس انتہائی اہم آبی گزرگاہ کا انتظام اور کنٹرول ایران کے ہاتھ میں ہے۔ایرانی نیم سرکاری خبر ایجنسی فارس کے مطابق بسیج فورس کے سربراہ حسین طائب نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کے کنٹرول اور انتظام میں ہے۔ انھوں نے صدر ٹرمپ کا نام لیے بغیر کہا کہ جو لوگ آبنائے ہرمز کا کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کر رہے ہیں وہ جھوٹے ہیں۔ کوئی جہاز اب بھی ایران کی مرضی کے بغیر نہیں گزرے گا۔بسیج فورس کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ عمان کے ساتھ مذاکرات طے پاجانے کے بعد بھی آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی اور کنٹرول ایران کا ہی برقرار رہے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کو کھلوانے کیلئے امریکہ کو جون میں کیے مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کو یقینی بنایا ہوگا۔