ٹرمپ کا آئی ایس میں شامل خاتون کے ملک واپس آنے پر امتناع

   

واشنگٹن، 21فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہاکہ شام میں دہشت گرد تنظیم آئی ایس میں شامل ہونے کیلئے ملک چھوڑ چکی امریکی خاتون کو ملک واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مسٹر ٹرمپ نے ٹوئٹ کیا میں نے وزیر خارجہ مائک پومپیو کو ہدایت دی ہے اور وہ بھی پوری طرح رضامند ہیں کہ آئی ایس میں شامل ہوئی ہدا موتھانا کو ملک واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس سے پہلے پومپیو نے کہاکہ ہدا امریکی شہری نہیں ہے اور اسے امریکہ واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ اسے ایسا کرنے کا قانونی حق نہیں ہے ۔ایک اخبار نے ہدا کے وکیل کے حوالے سے بتایا کہ ان کی موکل امریکہ واپس آکر عدالتی نظام کا سامنا کرنا چاہتی ہے ۔ہدا ہائی اسکول کی پڑھائی مکمل کرنے کے ایک برس بعد 2014میں آئی ایس میں شامل ہونے کے لئے امریکہ کی ریاست الباما کو چھوڑ کر شام چلی گئی اور وہاں دہشت گرد تنظیم میں شامل ہوگئی۔ اس کا ڈیڑھ برس کا بیٹا ہے اور اب اسے احساس ہوا ہے کہ دہشت گرد گروپ میں شامل ہونے کے لئے شام جانا اس کی بھول تھی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ہدا نے شام میں رہنے کے دوران اپنے امریکی ساتھیوں کو حملہ کرنے کیلئے اکسانے کی کوشش کی اور آئی ایس کی آن لائن تشہیر کی۔