ٹرمپ کا جان ایف کینیڈی کے قتل کی فائلیں عام کرنے کا حکم

   

واشنگٹن : امریکی صدر ٹرمپ نے سابق صدر جان ایف کینیڈی، ان کے بھائی اٹارنی جنرل رابرٹ ایف کینیڈی اور سیاہ فاموں کے حقوق کے عالمی شہرت یافتہ قائد مارٹن لوتھر کنگ کے قتل سے متعلق خفیہ فائلوں کو منظر عام پر لانے کا حکم دے دیا۔ اوول آفس میں حکم نامے پر دستخط کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہاکہ لوگ برسوں سے اس کا انتظار کر رہے ہیں۔ ٹرمپ نے حکم نامہ کے تحت ضروری ہے کہ جے ایف کینیڈی کی فائلوں کو مکمل طور پر جاری کیا جائے۔ یاد رہے کہ 2017 ء میں زیادہ تر دستاویزات کو جاری کرتے وقت روک لیا گیا تھا۔

یورپ میں شمسی توانائی کے استعمال میں اضافہ

برسلز : یورپی یونین نے شمسی توانائی کا استعمال بڑھاتے ہوئے کوئلے پر انحصار کم کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق قابل تجدید توانائی کے ذرائع کا تناسب یورپ میں توانائی شعبے کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد تک بڑھ گیا ہے۔ یہ اعداد و شمار ماحولیات سے متعلق تھنک ٹینک ایمبر نے توانائی جائزہ رپورٹ 2025 ء میں شائع کیے جس کے مطابق یورپ میں گیس کی پیداوار میں لگاتار پانچویں سال گراوٹ دیکھی گئی جبکہ فوسل فیول پر مبنی توانائی میں تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق یورپ کی گرین ڈیل پالیسی نے یورپی یونین کے توانائی شعبہ کو تیزی سے تبدیل کیا۔ تھنک ٹینک کے مطابق 2024 ء کے دوران پہلی بار یورپی یونین میں بجلی کے حصول کے لیے شمسی توانائی کا استعمال کوئلے کے استعمال سے کہیں زیادہ کیا گیا اور یوں شمسی توانائی نے کوئلے کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جبکہ قابل تجدید ذرائع یورپی یونین کی دوسری بڑی توانائی کا ذریعہ رہے جس کا استعمال گیس سے زیادہ اور نیوکلیئر سے کم ریکارڈ کیا گیا۔ مجموعی طور پر سولر میں مضبوط نمو نے قابل تجدید توانائی کے ذرائع کا حصہ بڑھا کر 47 فیصد کردیا جو 2019 ء میں 34 فیصد تھا جبکہ فوسل فیول میں گراوٹ دیکھی گئی جو 39 سے کم ہو کر 29 فیصد تک آگیا۔