واشنگٹن : امریکی عدالت نے ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم (2024) ہیک کرنے کے الزام میں متعدد ایرانیوں پر فرد جرم عائد کردی۔ میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی گرینڈ جیوری نے خفیہ طور پر فرد جرم کی منظوری دی جبکہ محکمہ انصاف سے آج الزامات کا اعلان متوقع ہے ۔ خبر کے مطابق ٹرمپ ٹیم نے اگست میں کہا تھا کہ اس کے کچھ اندرونی مواصلات ہیک کیے گئے ، ٹرمپ کی انتخابی مہم نے ہیکنگ کا الزام ایرانی حکومت پر لگایا تھا۔ امریکی میڈیا کا بتانا ہے کہ ٹرمپ کہہ چکے ہیں ان کے قتل کی کوششوں کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہوسکتا ہے جبکہ ایران نے ٹرمپ حملوں میں ملوث ہونے سے متعلق الزامات کی تردید کی ہے ۔ واضح رہے امریکہ میں 5 نومبر کو صدارتی انتخابات ہونے جارہے ہیں جس میں ریبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
جسٹن ٹروڈو کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام
اوٹاوا : کینیڈا میں اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی۔ تحریک کنزرویٹو پارٹی نے ہاؤس آف کامن میں پیش کی ۔ قرارداد کی حمایت میں 120 جبکہ مخالفت میں 211 ووٹ ڈالے گئے اور اس طرح وزیراعظم ٹروڈو اور ان حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد ناکام ہوگئی۔ تاہم وزیراعظم کی مشکلات میں زیادہ کمی نہیں ہوئی کیونکہ حکومت کو بڑھتی مہنگائی اور ہاؤسنگ سیکٹر میں چیلنجز کا سامنا ہے ۔