ٹرمپ کی پالیسیوں سے مسلمانوں کو مصائب کا سامنا: سروے

,

   

واشنگٹن۔12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حال ہی میں امریکہ میں کیے جانے والے ایک سروے کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ بیشتر امریکیوں کا خیال ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے مسلمانوں کو تکلیف پہنچائی جب کہ مسلمانوں نے ہی امریکی صدر کی مدد کی۔واشنگٹن کے معروف پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سے رواں برس فروری میں سروے کیا گیا تھا، جس میں مسلمانوں سے بھی رائے لی گئی تھی اور اس سروے کا مقصد ٹرمپ انتظامیہ کا مختلف مذاہب کے ماننے والے افراد کے ساتھ رویہ جاننا تھا۔سروے کے دوران 48 فیصد افراد کا خیال تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کا مسلمانوں کے ساتھ رویہ درست نہیں جب کہ 7 فیصد لوگوں کی رائے تھی کہ ایسا نہیں، سروے میں شامل اکثر افراد کا یہ بھی خیال تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں سے انجیلی مسیحیوں کو فائدہ پہنچا۔سروے میں شامل افراد نے یہودیوں اور کسی بھی مذہب کو نہ ماننے والوں کے مقابلے میں مسلمانوں کو زیادہ حمایت کی، سیاسی طور پر خود لبرل اور ڈیموکریٹک قرار دینے والے گروپ کے افراد میں سے زیادہ تر یعنی 10 میں سے 6 کے مطابق انہیں یقین ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کی وجہ سے مسلمانوں کی مشکلات بڑھیں۔

چین کیساتھ تجارتی معاہدہ پر بات چیت کرنے کا خواہش مند نہیں: ٹرمپ
واشنگٹن ۔12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کے روز کہا کہ چین، امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت کرنا چاہتا ہے لیکن وہ اس کے خواہش مند نہیں ہیں۔ ٹرمپ نے کہا ‘‘میں نے سنا ہے کہ وہ تجارتی معاہدے پر دوبارہ بات چیت کرنا چاہتے ہیں تاکہ یہ ان کے لئے بہتر سودا ثابت ہوسکے ۔ لیکن میں اس کا خواہش مند نہیں ہوں۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ وہ اس معاہدے پر برقرار رہتے ہیں کہ نہیں جس پر انہوں نے دستخط کئے تھے ’’۔ ٹرمپ نے اس سے پہلے چین کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر چین وعدے کے مطابق 250 بلین ڈالر کی امریکی اشیا نہیں خریدتا تو وہ معاہدے کو منسوخ کر دیں گے ۔ معاہدے کے نفاذ پر گزشتہ ہفتے دونوں ممالک کے تجارتی وفود نے بات چیت کی تھی۔