ٹرمپ کے ساتھ کئے گئے سمجھوتوں پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے

   

نئی دہلی: کانگریس نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں اور واضح کریں کہ امریکہ کے ساتھ تجارتی معاملات میں کیا معاہدے کیے گئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز دعویٰ کیا تھا کہ ہندوستان اپنے ٹیرف (درآمدی محصولات) میں ’کافی حد تک کمی‘ کرنے پر راضی ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان امریکہ پر زیادہ محصولات عائد کرتا ہے، جس کی وجہ سے امریکی مصنوعات کی فروخت مشکل ہو جاتی ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد کانگریس نے حکومت سے وضاحت کا مطالبہ کیا ہے کہ کہیں ہندوستانی مفادات کو نقصان تو نہیں پہنچایا گیا۔ کانگریس کے سینئر قائد جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے سوال اٹھایا، “وَزیرِ تجارت پیوش گوئل اس وقت امریکہ کے ساتھ تجارتی مذاکرات کے لیے واشنگٹن ڈی سی میں موجود ہیں۔ اسی دوران صدر ٹرمپ کا یہ بیان آتا ہے۔ آخر ہندوستان نے امریکہ کے ساتھ کیا شرائط تسلیم کی ہیں؟ کیا اس میں ہندوستانی کسانوں اور مقامی صنعتوں کے مفادات کا خیال رکھا گیا ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ 10 مارچ سے پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کا دوسرا مرحلہ شروع ہو رہا ہے، ایسے میں وزیر اعظم نریندر مودی کو چاہیے کہ وہ ایوان کو اعتماد میں لیں اور تفصیلات بتائیں کہ امریکہ کے ساتھ کن شرائط پر اتفاق کیا گیا ہے۔