نیکلس روڈ پر ٹریفک سیفٹی رن کا افتتاح ۔ بعد وزیر داخلہ محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد :۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے والدین سے اپیل کی کہ وہ نابالغ بچوں کو گاڑیاں چلانے کی اجازت نہ دیں ۔ ٹریفک سگنل جمپ کرنے اور ہیلمٹ کے بغیر گاڑی چلانے سے پرہیز کا مشورہ دیا ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے نیکلس روڈ پر ٹریفک سیفٹی رن کا آغاز کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ پروگرام میں کمشنر پولیس انجنی کمار کے علاوہ 50 پولیس اسٹیشنس کے عملہ نے شرکت کی ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شہر کی آبادی کے ساتھ ٹریفک میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ ٹریفک ملازمین ٹریفک کو باقاعدہ بنانے دن رات سڑکوں پر دھوپ ، بارش اور سردی کی پرواہ کئے بغیر خدمات انجام دے رہے ہیں جو ناقابل فراموش ہیں ۔ محمد محمود علی نے عوام کو ٹریفک پولیس کا احترام کرنے کا مشورہ دیا ۔ والدین پر زور دیا کہ وہ چھوٹے بچوں کو گاڑی چلانے کی ہرگز اجازت نہ دیں ۔ کیوں کہ بچے تیز گاڑیاں چلانے کو ترجیح دیتے ہیں جو حادثات کا سبب بنتی ہیں ۔ کبھی اپنی غلطیوں کا بھی دوسروں کو خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے ۔ پولیس کی جانب سے عوام میں شعور بیدار کیا جارہا ہے ۔ عوام بھی ٹریفک قواعد کی عمل آوری میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں ۔ گاڑیاں تیز نہ چلائیں اور نہ سگنل جمپ کریں ۔ ڈرائیونگ میں ہیلمیٹ کا استعمال کریں ۔ اکثر لوگ شکایت کرتے ہیں کہ پولیس چالانات کررہی ہے ۔ چالانات کا مقصد ٹریفک قواعد کو یقینی بنانا ہے ۔ دستاویزات ہوں اور ہیلمیٹ کا استعمال کریں تو پولیس جرمانے کیوں کریگی ۔ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹریفک قواعد کا احترام کریں اور اس پر عمل آوری کرے ۔