ٹریفک مسائل پر قابو پانے سائبرآباد پولیس کوشاں

   

ڈی سی پی ٹریفک کا پبس اور مالس کے ذمہ داروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔/13 فبروری،( سیاست نیوز) ٹریفک جام پر قابو پانے اور ٹریفک بہاؤ کو آسان بنانے کیلئے سائبرآباد پولیس کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ٹریفک پولیس سائبرآباد کی جانب سے روڈ سیفٹی ماہ 2004 کے تحت آج شاپنگ مالس اور پبس کے ذمہ داروں کا ایک اجلاس طلب کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک سائبرآباد پولیس ڈی وی سرینواس راؤ نے مالس اور پبس کے ذمہ داروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اداروں میں پارکنگ کا انتظام کریں۔ شاپنگ مالس اور پبس کے سبب سڑکوں پر ٹریفک جام کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گراہکوں کیلئے پارکنگ سہولت فراہم کرنا اداروں کی ذمہ داری ہے اور موثر سیکوریٹی نظام کے ذریعہ ٹریفک جام کی شکایت کو دور کرنے کے اقدامات کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی ادارہ میں پارکنگ کی سہولت نہیں پائی جاتی تو ایسی صورت میں ادارے کو چاہیئے کہ وہ دوسرے کسی مقام پر پارکنگ کی سہولت اپنے گراہکوں کیلئے فراہم کریں جس سے ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مالس اور پبس پر سیکوریٹی گارڈز کو تعینات کرنا چاہیئے تاکہ بہتر انداز میں ٹریفک کو کنٹرول کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ روڈ سیفٹی ماہ کے ضمن میں شعور بیداری اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ذمہ داروں کو پارکنگ سہولیات پر توجہ دینے کیلئے پابند کردیا گیا۔ اس موقع پر سائبرآباد ٹریفک پولیس کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔ع