ٹریفک پولیس ملازم پر حملہ

   

تصویر کشی پر نوجوان برہم ،5گرفتار
حیدرآباد /18 جولائی ( سیاست نیوز ) مولا علی کے علاقہ میں ایک ٹریفک پولیس ملازم پر حملہ کی سنگین واردات پیش آئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ تین نوجوانوں نے جو ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے روکنے پر اچانک مشتعل ہوگئے اور ٹریفک پولیس ملازم کو مبینہ طور پر مارپیٹ کا نشانہ بنایا ۔ ملکاجگیری ٹریفک پولیس اسٹیشن سے وابستہ کانسٹیبل محمد مظفرجومولا علی کمان کے قریب خدمات انجام دے رہا تھا کہ ایک موٹر سائیکل پر تین نوجوان سوار تھے ۔ اس کانسٹبل نے ان کی تصویر کشی کی جس کے ساتھ ہی تینوںنوجوان ٹریفک پولیس ملازم کے پاس پہونچ گئے اور اس سے بحث و تکرار کرنے لگے اور مبینہ طور پر حملہ کیا ۔نوجوانوں نے اپنے والدین کو اس تعلق سے واقف کرایا جس کے نتیجہ میں نوجوانوں کی ماں سیدہ محمودہ بیگم اور ان کے شوہر سید غفار وہاں پہنچ گئے۔محمودہ بیگم جو بلدی ڈیویژن 138 کی وارڈ ممبر بتائی جاتی ہیں نے مبینہ طور پر ٹریفک پولیس کانسٹبل کو طمانچہ رسید کیا جس کے بعد وہاں حالات ہلکے سے کشیدہ ہوگئے۔اس واقعہ کے بعد ملکاجگیری ٹریفک پولیس انسپکٹر نے لاء اینڈ آرڈر پولیس میں شکایت درج کروائی جس کے نتیجہ میں پولیس نے سیدہ محمودہ بیگم، محمد غوث، سید غفار حسینی، سید صادق حسین اور محمد ماجد کو گرفتارکرلیا اور انہیں کل ملکاجگری کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔