ٹسٹ میں تبدیلی،کھلاڑیوں کے سفید جرسی پر نام اور نمبر ہوگا

   

لاہور۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) مصنوعی روشنی اور گلابی گیند کے بعد ٹسٹ کرکٹ کو مزید پرکشش بنانے کے لئے ونڈے کی طرح کِٹ پر کھلاڑیوں کے نام اور نمبر لکھنے کی تجویز سامنے آ گئی۔ طویل دورانیے کی کرکٹ میں مصنوعی روشنی اور گلابی گیند کا کامیاب تجربہ کیا گیا اور اب سفید یا کریم رنگ کی کٹ کو پرکشش بنانے پر غور جاری ہے جس کے تحت ونڈے کی طرح کِٹ اور جرسی پر کھلاڑیوں کے نام اور نمبر لکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ٹسٹ کرکٹ میں ایک اور بڑی تبدیلی لانے کی تیاریاں کرلی گئی، سفیدکٹ پر نام اور نمبرز درج کئے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق ونڈے اور ٹی ٹونٹی کی شرٹس کے بعد اب ٹسٹ کرکٹ میں بھی کھلاڑیوں کی شرٹس پر نام اور نمبرز لکھے جائیں گے ، آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ میں تبدیلی زیر غور ہے ، نمبرز کی ایشز میں پہلی مرتبہ آزمائش ہوگی۔رپورٹ کے مطابق کھلاڑی اب مخصوص نمبرز سے بھی پہچانے جائیں گے ۔ آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ میں شرٹس پر سر نیم اور نمبرز لکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ رواں سال جولائی میں شروع ہوگی۔ کھلاڑیوں نے ٹسٹ کرکٹ میں تبدیلی کی تجویز کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ٹسٹ چمپئن شپ میں سرفہرست 9 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، تمام ٹیمیں چھ سیریز پر مشتمل میچز کھیلیں گی جن کا انعقاد ملک و بیرون ملک میں ہوگا۔ چمپئن شپ دو سال پر محیط ہوگی۔ واضح رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ڈومیسٹک کرکٹ میں سفید شرٹس پر پہلے سے نمبرات کا استعمال ہورہا ہے۔