ٹسٹ چمپئن شپ سے ٹسٹ کرکٹ کو فروغ نہیں ملا :بارکلے

   

دبئی۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے نومنتخب چیئرمین گریگ بارکلے نے کہا ہے کہ عالمی ٹسٹ چمپئن شپ سے اب تک ٹسٹ کرکٹ کو کچھ خاص فروغ نہیں ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹسٹ چمپئن شپ سے ابھی اتنا فائدہ نہیں ملا ہے جتنی کی توقع تھی۔ آئی سی سی چیئرمین کے اس بیان سے اس چمپئن شپ کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگاہے ۔ بارکلے نے کہا کہ کورونا وبا کا اثر بھی اس چمپئن شپ پر ہوا ہے ۔بارکلے نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ عالمی ٹسٹ چمپئن شپ سے ٹسٹ کرکٹ کو کچھ خاص فروغ ملا ہے ۔ٹسٹ چمپئن شپ کے انعقاد کا مقصد ٹسٹ کرکٹ میں دلچسپی پیدا کرنا تھا۔مجھے نہیں لگتا کہ عالمی ٹسٹ چمپئن شپ نے اب تک وہ حاصل کیا ہے جس کی توقع تھی۔ خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے حال ہی میں ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کیلئے پوائنٹس سسٹم میں تبدیلی کی تھی جس میں ٹیموں کی درجہ بندی مجموعی پوائنٹس کی بجائے پوائنٹس کی اوسط پر ہوگی۔