ٹمریز اور اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے عہدے خالی

   

شفیع اللہ کو اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود سے ہٹائے جانے کے بعد صورتحال تبدیل

حیدرآباد۔27۔جون(سیاست نیوز) محکمہ شفیع اللہ آئی ایف ایس کو اسپیشل سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدہ سے ہٹائے جانے کے ساتھ ہی محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت خدمات انجام دینے والے ادارہ ٔ جات ٹمریز کے علاوہ تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے اہم عہدہ بھی مخلوعہ ہوچکے ہیں۔ جناب محمد شفیع اللہ آئی ایف ایس حکومت تلنگانہ میں اسپیشل سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدہ کے علاوہ نائب صدرنشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ‘ سیکریٹری تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائیٹی کے عہدہ کی بھی زائد ذمہ داری سنبھالے ہوئے تھے ۔حکومت تلنگانہ نے گذشتہ یوم جاری کئے گئے احکامات میں جناب احمد ندیم سینیئر آئی اے ایس آفیسر کو پرنسپل سیکریٹری (پولیٹکل) جے اے ڈی کے عہدہ پر تقرر کرنے کے ساتھ انہیں پرنسپل سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود کی زائد ذمہ داری بھی تفویض کی ہے ۔ حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے جی او آرٹی 914 میں جناب احمد ندیم کو پرنسپل سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود کی زائد ذمہ داری تفویض کئے جانے کا تذکرہ کیاگیا ہے جبکہ محمد شفیع اللہ آئی ایف ایس کو اس عہدہ سے ہٹائے جانے یا تبادلہ کے کوئی احکام جاری نہیں کئے گئے ہیںلیکن محکمہ اقلیتی بہبود میں اسپیشل سیکریٹری کے عہدہ پر خدمات انجام دینے کے دوران جن عہدوں کی زائد ذمہ داری جناب بی شفیع اللہ کو تفویض کی گئی تھی اس عہدہ سے ہٹائے جانے کے بعد وہ عہدہ بھی ان کے پاس نہیں رہے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ اگر حکومت کو انہیں کسی عہدہ پر برقرار رکھنا ہوتو اس سلسلہ میں علحدہ سرکاری احکام کی اجرائی عمل میں لانی پڑے گی۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ تک جناب محمد شفیع اللہ آئی ایف ایس ڈائریکٹر کمشنریٹ محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدہ کی بھی زائد ذمہ داری سنبھالے ہوئے تھے لیکن گذشتہ ماہ حکومت نے اس ذمہ داری کو واپس لیتے ہوئے ان کی جگہ جناب محمد عبدالحمید آئی اے ایس کو ڈائریکٹر کمشنریٹ محکمہ اقلیتی بہبود کی ذمہ داری تفویض کی تھی۔3