ٹوئیٹر سربراہ پارلیمانی پیانل میں حاضر نہیں ہوں گے

   

نئی دہلی ۔ 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ٹوئیٹر کے سی ای او جیک ڈورسی انفارمیشن ٹکنالوجی (آئی ٹی) سے متعلق پارلیمانی پیانل کے اجلاس پر 25 فبروری کو حاضر نہیں ہوں گے۔ اس کمپنی کی طرف سے ڈورسی کے بجائے عوامی پالیسی کے سربراہ کولن کروویل کو روانہ کیا جائے گا۔ انفارمیشن ٹکنالوجی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی نے جیک ڈوسی کو 25 فبروری کو منعقد شدنی اپنے اجلاس میں حاضری کیلئے طلب کیا تھا اور اس مائیکرو بلاکنگ سائٹ کے سینئر عہدیداروں سے بات چیت کرنے سے انکار کردیا تھا۔ ٹوئیٹر کے ایک ترجمان نے ای میل کے ذریعہ جاری کردہ بیان میں کہا کہ ’’سوشیل میڈیا ؍ آن لائن نیوز میڈیا پلیٹ فارم پر شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے ضمن میں ٹوئیٹر کے نظریات کی سماعت کیلئے مدعو کئے جانے پر پارلیمانی پیانل کا ہم شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یہ مسائل عالمی سطح پر تمام انٹرنیٹ خدمات سے تعلق رکھتے ہیں‘‘۔ ٹوئیٹر کے ترجمان نے مزید کہا کہ ’’ٹوئیٹر کی عوامی پالیسی کے عالمی نائب صدر کولن کروویل پیر کو اس (پارلیمانی) کمیٹی سے ملاقات کریں گے‘‘۔ ملک میں عام انتخابات سے قبل حکومت نے ناپسندیدہ ذرائع سے ’’انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کی کسی بھی کوشش کے خلاف سوشیل میڈیا اداروں کو سخت وارننگ دی ہے۔ ذرائع نے کہا ہیکہ پارلیمانی کمیٹی نے 11 فبروری کو ٹوئیٹر کے جونیر عہدیداروں سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا تھا اور متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے ٹوئیٹر کے سی ای او کو حاضری کیلئے کہا گیا تھا تاکہ ہندوستانی شہریوں کے آن لائن حقوق کے تحفظ کے تئیں اس کمپنی کی دلچسپی و سنجیدگی کا اظہار ہوسکے۔