ٹوکیو اولمپکس کو منسوخ کرنے لاکھوں افراد کی درخواست

   

ٹوکیو : کورونا وبا کی وجہ سے آئندہ ٹوکیو اولمپک اور پیرا اولمپک کھیلوں کو منسوخ کرنے کے لئے شروع کی گئی ایک آن لائن پٹیشن پر چالیس لاکھ سے زائد افراد نے دستخط کردیئے ہیں۔ آن لائن پٹیشن 5 مئی کو نامور جاپانی وکیل اور سیاست دان ، کینجی اتسونوومیہ نے پیش کی تھی۔ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باک ، انٹرنیشنل پیرا اولمپک کمیٹی کے چیئرمین اینڈریو پارسنز ، جاپان کے وزیر اعظم ہوشی ہیدے سوگا ، اولمپک امور کے وزیر تامیو ماروکاوا ، ٹوکیو اولمپک اور پیرا اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین سیکو ہاشموٹو اور ٹوکیو کے گورنر یوروکو کوائیک کے نام لکھی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ منتظمین فی الحال زبردستی ٹوکیو اولمپکس اور پیرا اولمپک کھیلوں کو آگے بڑھا نے پر زور دے رہے ہیں ، جبکہ ٹوکیو اور جاپان کے دیگر صوبوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے تمام ممالک ، مہلک وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان گنت صحت کارکنوں ، طبی اداروں اور قیمتی طبی وسائل کی مدد کے بغیر ٹوکیو اولمپک گیمز ممکن نہیں ہوگا۔ تاہم ، بہت سے طبی پیشہ ور افراد پہلے ہی عوام کو آگاہ کر چکے ہیں کہ یہاں طبی مطالبات کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ یہ بہت ممکن ہے کہ اولمپکس کا انعقاد سپر اسپریڈ (تیزی سے وائرس پھیلنا ) ہوگا اور تب موجودہ صورتحال حال سے بدتر حالات ہوجائیں۔ کچھ جاپانی سروے کے مطابق ، جاپان میں زیادہ تر لوگ اولمپکس منسوخ کرنے کے حق میں ہیں۔