ٹویوٹا کے سسٹم میں خرابی، جاپان کے 12 پلانٹس میں کام معطل

   

ٹوکیو: گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹویوٹا کے سسٹم میں خرابی کی وجہ سے جاپان میں 14 فیکٹریوں میں سے 12 میں کام روک دیا گیا ہے تاہم بظاہر یہ سائبر حملہ نہیں۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی نے منگل کو شروع ہونے والے مسئلے کے بارے میں مزید تفصیل دینے سے گریز کیا ہے۔ٹویوٹا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’سسٹم میں خرابی کی وجہ سے 12 فیکٹریاں پرزوں کے آرڈرز پر کام نہیں کر پا رہیں۔ ہمارے خیال میں یہ سائبر حملہ نہیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’اس مسئلے کی تحقیقات کریں گے اور جلد از جلد سسٹم کو بحال کر دیں گے۔‘یہ واضح نہیں کہ کب معمول کی پروڈکشن شروع ہو گی۔ کمپنی نے یہ بھی نہیں بتایا کہ آیا سسٹم میں خرابی کی وجہ سے بیرون ملک فیکٹریاں متاثر ہوئیں۔