ٹیسلا کے الیکٹرانک وہیکل پلانٹ کو تلنگانہ میں قائم کرنے کی مساعی

   

حکومت کمپنی کے ذمہ داروں کے ساتھ مسلسل ربط میں ، وزیر ڈی سریدھر بابو
حیدرآباد۔5۔اپریل(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ٹیسلا کے الکٹرانک وہیکل پلانٹ کو تلنگانہ میں قائم کروانے کے لئے کمپنی کے ذمہ داروں کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہے اور 2023 ڈسمبر سے ہی حکومت تلنگانہ کی جانب سے اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ نمائندگیاں کی جاچکی ہیں ۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر ڈی سریدھر بابو نے سابق ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کے مطالبہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کانگریس اقتدار میں آنے کے بعد سے ہی ’ٹیسلا ‘ کمپنی کی تلنگانہ میں سرمایہ کاری اور پلانٹ کے قیام کے سلسلہ میں اقدامات کے متعلق مذاکرات جاری ہے۔ مسٹر ڈی سریدھر بابو نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری یہ کوششیں کامیاب ہونے کی انہیں پوری امید ہے کیونکہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے سلسلہ میں سرکردہ عالمی کمپنیوں نے آمادگی ظاہر کی ہے اور ایسے میں ایلان مسک کو تلنگانہ میں ٹیسلا کے قیام کے لئے آمادہ کرنا ریاستی حکومت کی کوشش رہے گی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’X‘‘ پر جاری کی گئی تفصیلات میں بتایا کہ حکومت تلنگانہ ریاست میں ٹیسلا کے پلانٹ کے قیام کے لئے کوشش کر رہی ہے اور ڈسمبر سے جاری ان کوششوں میں جو پیشرفت حاصل ہوئی ہے اس کے متعلق ابھی وہ انکشاف کرنے کے موقف میں نہیں ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ کو سرکردہ عالمی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے لئے مرکز کے طور پر فروغ دینے کے اقدامات کر رہی ہے اور حکومت نے ٹیسلا کی جانب سے ہندستان میں سرمایہ کاری کے منصوبہ کے اظہار کے ساتھ ہی ریاستی حکومت تلنگانہ نے اپنے نمائندوںکو متحرک کرتے ہوئے کمپنی کے ذمہ داروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنے کے اقدامات کی ہدایات جاری کی تھیں۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی مسٹر ڈی سریدھر بابو نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جلد ہی ’ٹیسلا‘ کمپنی کے ذمہ داروں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ریاست میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کروانے کے اقدامات کئے جائیں گے جو کہ ڈسمبر سے جاری کوششوں کا حصہ ہوں گی۔ انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لئے موزوں مقامات اور ٹیسلا کی الکٹرانک وہیکل کی تیاری کے پلانٹ کے قیام کے سلسلہ میں متعدد مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے تاکہ کمپنی کے ذمہ داروں کو فوری طور پر ان مقامات کی نشاندہی کروائی جاسکے تاکہ سرمایہ کاری کے ساتھ ہی الکٹرانک وہیکل کی تیاری کا عمل شروع کیا جاسکے۔3