ٹیلرتمام طرز کی کرکٹ میں 100 مقابلے کھیلنے والے پہلے کھلاڑی

,

   

ویلنگٹن ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے تجربہ کار بیٹسمین راس ٹیلر نے آج ہندوستان کے خلاف یہاں منعقدہ پہلے ٹسٹ میں میدان پر اترنے کے ساتھ ہی ایک نیا عالمی ریکارڈ بنادیا ہے جیسا کہ یہ ان کے کریئر کا 100 واں ٹسٹ ہے اور اس طرح وہ ونڈے اور ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں 100 ٹسٹ کھیلنے کا ریکارڈ مکمل کرنے کے بعد طویل طرز کی کرکٹ میں بھی 100 مقابلہ کھیلا ہے اور وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں۔ اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے ٹیلرنے کہا کہ یہ موقع کافی یادگار ہے۔ ٹیلر اس موقع پر اپنے بچوں کے ساتھ میدان پر تصویرکشی بھی کروائی۔ یاد رہے ٹیلر سے قبل 100 ٹسٹ مقابلوں میں اسٹیفن فلیمنگ، برنڈن مکالم اور ڈینیل وٹوری نے بھی نیوزی لینڈ ٹیم 100 ٹسٹ مقابلوں میں نمائندگی کی ہے۔ 35 سالہ ٹیلر نے گذشتہ ماہ ہندوستان کے خلاف 100 ویں ٹی 20 مقابلہ کھیلا ہے جبکہ وہ 231 ونڈے مقابلوں میں نیوزی لینڈ ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ سیدھے ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے ٹیلر نیوزی لینڈ کیلئے پہلے ہی ٹسٹ میں 7174 اور ونڈے میں 8570 رنز اسکور کرچکے ہیں جو کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے نیوزی لینڈ کیلئے سب سے زیادہ رنز بنانے کا بھی ریکارڈ ہے۔ ٹوئنٹی 20 میں انہوں نے 1909 رنز بنائے ہیں جبکہ مکالم 71 مقابلوں میں 2140 اور اوپنر مارٹن گپٹل 88 مقابلوں میں 2536 رنز بناتے ہوئے ٹیلر سے آگے ہیں۔ ٹیلر نیوزی لینڈ ٹیم کے ایک اہم کھلاڑی تصور کئے جاتے ہیں جنہوں نے 2007ء میں اپنے ٹسٹ کریئر کا آغاز کیا تھا۔ اس سے ایک برس قبل انہوں نے نیوزی لینڈ کیلئے پہلا ونڈے کھیلا تھا۔