حیدرآباد۔/26 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ٹیچرس کے تبادلوں کے عمل میں زیر التواء رہنے والے میاں بیوی کے ایک ہی مقام پر تبادلے کرنے کی منظوری دیتے ہوئے احکامات جاری کردیئے۔ ماضی میں جی او 317 کے تحت ٹیچرس کو نئے اضلاع کے مطابق الاٹ کیا گیا تھا اس عمل کے بعد میاں۔ بیوی علحدہ علحدہ اضلاع کو پہنچ گئے تھے۔ انہیں ایک مقام پر تبادلے کرنے کی ریاست بھر سے حکومت کو تقریباً دو ہزار درخواستیں وصول ہوئی تھیں۔ میاں بیوی جوڑوں نے اضلاع حیدرآباد، میڑچل، رنگاریڈی، وقارآباد، سوریہ پیٹ ، سنگاریڈی، محبوب نگر کے بشمول 13 اضلاع میں ایک ساتھ کام کرنے میں دلچسپی دکھائی ہے۔ میاں بیوی کے زمرے میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے سے نئے تبادلوں کے عمل میں مسائل پیدا ہونے کے اندیشہ کے تحت ان 13 اضلاع کو حکومت کی جانب سے بلاک کیا گیا تھا۔ ریاست میں ٹیچرس کی ترقی و تبادلوں کا عمل شروع کرنے کا حکومت کی جانب سے اعلان کرنے کے بعد میاں بیوی ٹیچرس جوڑے کی جانب سے چند دن سے احتجاج کیا جارہا ہے، جن کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرنے کے بعد حکومت نے مخلوعہ جائیدادوں پر جی او 317 کے تحت کام کرنے والے 615 ٹیچرس جوڑے کے تبادلے کرنے کی محکمہ تعلیم کو ہدایت دی ہے۔ فی الحال سوریہ پیٹ کے سوائے مابقی 12 اضلاع کے 427 ٹیچرس جوڑوں کے تبادلے کرنے کی محکمہ تعلیم نے فہرست تیار کی ہے اور اس کو متعلقہ ڈی ای اوز کو روانہ کردیا گیا ہے۔ن