ٹیچرس زمرہ کے کونسل نشست کے انتخابات کی تیاریاں 29501 رائے دہندے، انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ

   

حیدرآباد۔13۔ فروری (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے کہا کہ محبوب نگر ، رنگا ریڈی اور حیدرآباد اضلاع پر مشتمل کونسل کی ٹیچرس زمرہ کی نشست کے لئے فہرست رائے دہندگان میں دعوے اور اعتراضات کی سماعت آج مکمل ہوگئی ۔ اس حلقہ میں رائے دہی کیلئے پرچہ جات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 23 فروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 31 ڈسمبر کو اس حلقہ کی فہرست رائے دہندگان شائع کردی گئی جس کے تحت جملہ رائے دہندے 29501 ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں ضروری ترمیمات کیلئے 1131 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کیلئے آج تک وصول ہونے والی درخواستوں کا ریٹرننگ آفیسر جائزہ لیتے ہوئے یکسوئی کریں گے ۔ وکاس راج کے مطابق فہرست رائے دہندگان کی ضمنی فہرست 23 فروری کو جاری کی جائے گی۔ پولنگ اسٹیشنوں کے قیام کا مرحلہ جاری ہے اور الیکشن کمیشن آف انڈیا سے منظوری حاصل کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 1440 درخواستوں پر از سر نو غور کرنے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد الیکٹورل آفیسرس نے ان درخواستوں کا جائزہ لیا۔ فارم 19 کے تحت 788 درخواستیں درست پائی گئیں۔ وکاس راج نے بتایا کہ ٹیچرس زمرہ کے تحت آنے والے 9 اضلاع میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے۔ کونسل کے انتخابات میں نوٹا کی گنجائش نہیں رہے گی۔ر