ٹیکساس :چرچ میں فائرنگ، دو افراد ہلاک، حملہ آور ڈھیر

,

   

ہوسٹن، 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک شخص نے چرچ سرویس کے دوران دو افراد کو گولی مار کر قتل کر دیا جبکہ چرچ کی سکیورٹی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر لائیو وائرل ہوا۔ شہر کے پولیس سربراہ جے پی بیورنگ نے بتایا کہ حملہ آور اتوار کی صبح ویسٹ فری وے چرچ آف کرائسٹ میں گھسا اور کچھ دیر کے لئے اندر ہی بیٹھا رہا۔ پھر اچانک اٹھا اور فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آنے سے دوافراد شدید زخمی ہوگئے بعدازاں دوران علاج ہاسپٹل میں ان کی موت ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ چرچ میں تعینات سیکورٹی ٹیم نے حملہ آور کو فوری طور پر مار گرایا۔ فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے ڈلاس فورٹ ورتھ علاقے کے انچارج ایجنٹ میتھیو ڈیسرنو نے بتایا کہ وہ لوگ پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ حملے کے پیچھے مقصد کیا تھا۔حملہ کی ویڈیو فوٹیج میں حملہ آور اپنے ہاتھ میں اس وقت تک بندوق پکڑے نظر آ رہا ہے جب تک کہ اسے ڈھیر نہیں کر دیا گیا۔اس دوران ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے فائرنگ میں لوگوں کی موت پر اظہارتعزیت کیا ہے ۔ انہوں نے حملہ آور کو مار گرانے کے لئے سکیورٹی اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دعائیہ مقام مقدس ہوتے ہیں اور ان مقامات پر ایسی کارروائیوں کو انجام دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔