ٹیکسی ڈرائیور کے قاتلین گرفتار، انسپکٹر پولیس نامپلی خلیل پاشا کا بیان

   

حیدرآباد: نامپلی پولیس نے ٹیکسی ڈرائیور اسلم خان کے بیدردانہ قتل میں ملوث تین ملزمین بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر نامپلی مسٹر خلیل پاشاہ نے بتایا کہ 5 مارچ کو نامپلی ریلوے اسٹیشن ٹیکسی اسٹانڈ سے ٹیکسی ڈرائیور اسلم خان کی انڈیکا کار کو شیو کمار اور امتیاز خانم نامی جوڑے نے بیدر کیلئے 2500 کرایہ پر کرناٹک روانہ ہوئے تھے ۔ اسی دوران راستہ میں مناکھیلی کے متوطن روی بھی کار میں سوار ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شیو کمار جس کا تعلق دہلی سے ہے ، نے بیدر کی متوطن امتیاز خانم سے ایک مندر میں شادی کی تھی اور معاشی تنگی کے نتیجہ میں دونوں نے ٹیکسی ڈرائیور کی کار کو لوٹ لینے کا منصوبہ تیار کیا ۔ اس سلسلہ میں بیدر جانے کے دوران شیوکمار ، امتیاز خانم اور روی نے ظہیرآباد کے جنگلاتی علاقے میں کار پہنچنے کے بعد اسلم خان کو ضروریات سے فارغ ہونے کے بہانے کار روکنے کیلئے کہا جہاں پر روی جو پہلے سے منصوبہ تیار کیا تھا ، نے کیبل وائر سے اس کا گلہ گھونٹ دیا اور شیو کمار نے اس کے ہاتھ پکڑ لئے تھے۔ قتل کی واردات انجام دینے کے بعد اسلم خان کی نعش کو جنگلاتی علاقہ میں پھینک دیا اور بیدر پہنچ کر اس کی ٹاٹا انڈیکا کار کو 14000 میں فروخت کردیا ۔اسلم خان لاپتہ ہونے کے نتیجہ میں ان کے ارکان خاندان نے 10 مارچ کو پولیس نامپلی سے گمشدگی کا مقدمہ درج کرایا تھا جس کی تحقیقات کرتے ہوئے نامپلی پولیس کی ٹیم نے شیوکمار ، امتیاز خانم اور روی کمار کا پتہ لگایا اورانہیں گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اسلم خان کی کار کو بھی برآمد کرلیا ۔