جگا ریڈی کا الزام، وزراء اور ارکان اسمبلی کے گھیراؤ کی دھمکی
حیدرآباد۔/21 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے ریمارک کیا کہ ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کے سی آر کے نزدیک ملازمین کی طرح ہیں اور وہ عوامی مسائل پر سوال کرنے کے حق سے محروم ہوچکے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ سنگاریڈی حلقہ کے عوام پینے کے پانی کی قلت سے دوچار ہیں اور حکومت اس مسئلہ کی یکسوئی میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 جنوری کے بعد سنگاریڈی آنے والے ٹی آر ایس ارکان اسمبلی اور وزراء کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راؤ عوامی قائد نہیں ہیں اور وہ کے سی آر کے نام پر منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے ہریش راؤ کو شارٹ کٹ لیڈر قرار دیا اور کہا کہ وہ اسی راستہ سے ریاستی وزیر بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ دو سال قبل سنگور ڈیم کا پانی دیگر علاقوں کو سربراہ کئے جانے کے سبب سنگاریڈی میں پانی کا مسئلہ پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دو مرتبہ اسمبلی اجلاس میں انہوں نے سنگاریڈی کے آبی مسائل کو پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی کے بعد سنگاریڈی کے مسائل کو مزید نظر انداز کیا جارہا ہے۔