ٹی آر ایس حکومت کورونا مریضوں کی حقیقی تعداد چھپا رہی ہے

   

اتم کمار ریڈی کا الزام، چیف منسٹر ریلیف فنڈ کی تفصیلات جاری کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔22۔ مئی(سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اترم کمار ریڈی نے تلنگانہ میں کورونا ٹسٹ کے عدم انعقاد پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر اور ارکان مقننہ جیون ریڈی اور سریدھر بابو کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کے سی آر حکومت تلنگانہ میں کورونا مریضوں کی حقیقی تعداد کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ دیگر ریاستوں کے مقابلے تلنگانہ میں کورونا ٹسٹ بہت کم کئے گئے جس پر مرکز نے چیف سکریٹری کو مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن نے جو گائیڈلائینس جاری کی ہیں ، اس پر عمل نہیں کیا جارہا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مرکز اور ریاست پر ناکامی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کم تعداد میں ٹسٹ آنے والے دنوں میں سنگین صورتحال کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ تلنگانہ میں 22 ہزار افراد کا ٹسٹ کیا گیا جبکہ کرناٹک ، مہاراشٹرا اور آندھراپردیش میں ڈھائی لاکھ تا چار لاکھ افراد کا ٹسٹ کیا گیا ۔ انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ نے جن خانگی لیابس کو ٹسٹ کی اجازت دی ہے ، تلنگانہ حکومت انہیں اجازت دینے سے انکار کر رہی ہے ۔ آخر کار ہائی کورٹ کو اس معاملے میں مداخلت کرنی پڑی۔ انہوں نے بتایا کہ سویا پیٹ میں کورونا ٹسٹ روک دیئے گئے ہیں۔ حالانکہ حیدرآباد کے بعد یہ ضلع کورونا کا ہاٹ اسپاٹ تھا۔ اتم کمار ریڈی نے مائیگرنٹ ورکرس اور کسانوں کے مسائل کی یکسوئی میں حکومت پر ناکامی کا الزام عائد کیا ۔ اور کہا کہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں بھاری عطیات وصول ہوئے ہیں لیکن حکومت ان کی تفصیلات پیش کرنے سے انکار کر رہی ہے۔