ٹی آر ایس دھان کی خرید ی میں ناکام ‘مرکز پر الزام تراشی افسوسناک

   

معاہدہ کے مطابق خریدی کیلئے مرکز تیار، کسانوں کو گمراہ کرنے سے گریز کا مشورہ: پیوش گوئل
حیدرآباد۔/21ڈسمبر، ( سیاست نیوز ) مرکزی وزیر اغذیہ پیوش گوئل نے کے سی آر حکومت پر کسانوں کے ساتھ کھلواڑ کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کسانوں سے دھان کی خریدی میں تلنگانہ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ دھان کے مسئلہ پر مرکز و ریاست کے درمیان تنازعہ میں شدت کے پس منظر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پیوش گوئل نے کہاکہ تلنگانہ کے کسانوں کے تابناک مستقبل کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی اقدامات کررہے ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے کسانوں کو غیرضروری الجھن میں مبتلا کردیا ہے۔ پیوش گوئل نے تلنگانہ کے بی جے پی قائدین کو بھی حقیقی صورتحال سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر جھوٹ اور بے بنیاد باتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ربیع سیزن میں دھان کے حصول کے سلسلہ میں مرکز اور ریاست کے درمیان معاہدہ طئے پایا ہے۔ معاہدہ کے وقت مرکز نے تلنگانہ سے اضافی مقدار میں چاول کی خریدی سے اتفاق کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز نے 20 لاکھ ٹن اضافی چاول کی خریدی سے اتفاق کیا ہے۔ یہ سہولت صرف تلنگانہ ریاست کو دی گئی ہے۔ معاہدہ کے مطابق چاول فراہم کرنے میں تلنگانہ حکومت ناکام ہوچکی ہے جبکہ مرکز نے چار مرتبہ مہلت میں توسیع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں چاول کا استعمال انتہائی کم ہے۔ ایک سال قبل مرکز نے کہا تھا کہ تلنگانہ جتنا بھی چاول دے گا اسے حاصل کیا جائے گا۔ تلنگانہ حکومت نے کسانوں سے دھان حاصل کرتے ہوئے مرکز کے حوالے کرنے کا تیقن دیا تھا لیکن اب اس مسئلہ پر مرکز کے خلاف الزام تراشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت اپنی ناکامی کی پردہ پوشی کیلئے مرکز پر الزام تراشی کررہی ہے۔ انہوں نے پھر ایک مرتبہ واضح کیا کہ اگر تلنگانہ چاول فراہم کرنے تیار ہے تو مرکز کو خریدی سے کوئی اعتراض نہیں۔ پیوش گوئل نے کہا کہ مرکز سے کئے گئے معاہدہ کو فراموش کرکے کے سی آر حکومت نے کسانوں کو گمراہ کرنے کی مہم شروع کی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ مرکز پر الزام تراشی سے گریز کرے۔ انہوں نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ دھان کی خریدی میں ناکام تلنگانہ حکومت مرکز کو غیر ضروری نشانہ بنارہی ہے۔ر