ٹی آر ایس کی انتخابی مہم کا کے سی آر 17 مارچ کو کریمنگرسے آغاز کرینگے

   

حیدرآباد 12 مارچ ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر تلنگانہ و صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راو لوک سبھا انتخابات کیلئے پارٹی کی مہم کا 17 مارچ کو کریمنگر سے آغاز کرینگے ۔ ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ٹی آر ایس کی پہلی انتخابی ریلی کریمنگر میں منعقد ہوگی ۔ اس کے بعد ریاست میں لوک سبھا حلقوں کا احاطہ کرتے ہوئے مختلف مقامات پر ریلیاں منعقد کی جائیں گی ۔ کریمنگر ٹی آر ایس کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے ۔ 2001 سے ہی یہاں ٹی آر ایس کو اچھی کامیابیاں ملتی رہی ہیں۔ کے چندر شیکھر راو خود بھی لوک سبھا میں کریمنگر کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات کیلئے انتخابی مہم کے معاملہ میں بھی ٹی آر ایس اپنی حریف جماعتوں سے آگے ہے کیونکہ کے سی آر کے فرزند کے ٹی راما راو پہلے ہی عام انتخابات کی تیاریوں کے نام پر پارٹی کے اجلاسوں سے خطاب کا سلسلہ شروع کرچکے ہیں۔ کے ٹی آر پارٹی کارکنوں اور قائدین پر زور دے رہے ہیں کہ ریاست میں لوک سبھا کی جملہ 17 نشستوں میں 16 پر ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی بنایاجانا چاہئے تاکہ انتخابات کے بعد مرکز میں تشکیل حکومت میں پارٹی کو اہمیت حاصل ہوسکے ۔ کے ٹی آر کاکہنا ہے کہ مرکز میں نہ یو پی اے اور نہ این ڈی اے کو قطعی اکثریت ملنے کا امکان ہے ۔ ایسے میں علاقائی جماعتوں کو اہمیت حاصل ہوجائیگی ۔ تلنگانہ میں 11 اپریل کو رائے دہی ہونے والی ہے ۔