ٹی آر ایس کے خلاف کانگریس کی الیکٹورل آفیسر سے نمائندگی

   

انتخابی تشہیر اور ہورڈنگس میں رکاوٹیں پیدا کرنے کا الزام
حیدرآباد۔/27مارچ، ( این ایس ایس ) کانگریس کے قائدین نے آج الیکشن کمیشن سے شکایت کی کہ ٹی آر ایس انہیں لوک سبھا انتخابات کی مہم میں ہورڈنگس کے استعمال کا موقع نہیں دے رہی ہے۔ کانگریس قائدین کے ایک وفد نے چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار سے ملاقات کرتے ہوئے انتخابی مہم میں ہورڈنگس کے استعمال کو یقینی بنانے ضروری اقدامات کے ذریعہ ان سے مدد طلب کی۔ کانگریس قائدین نے شکایت کی کہ حکمراں جماعت شہر کے تمام ہورڈنگس پر قبضہ کرچکی ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کی انتخابی رابطہ کمیٹی کے کنوینر جی نرنجن اور خازن جی نارائن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ہورڈنگس کے آپریٹرس یہ کہتے ہوئے انہیں جگہ دینے سے انکار کررہے ہیں کہ حکومت تمام ہورڈنگس محفوظ کرواچکی ہے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ رجت کمار نے آپریٹرس کو ضروری ہدایت دینے کا وعدہ کیا ہے۔