ٹی آر ایس کے صدارتی عہدہ پر کے سی آر کا متفقہ انتخاب یقینی

   

وزراء اور عوامی نمائندوں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا،25 اکٹوبر کو پلینری میں رسمی اعلان
حیدرآباد۔/17اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی صدر کے طور پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کا متفقہ طور پر دوبارہ انتخاب یقینی ہے۔ پارٹی کے تنظیمی انتخابات کے ضمن میں صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری کیا گیا۔ شیڈول کے مطابق آج سے 22 اکٹوبر تک پرچہ جات نامزدگی قبول کئے جائیں گے۔ 23 اکٹوبر کو 11 بجے دن پرچہ جات نامزدگی کی جانچ کی جائے گی۔ ریٹرننگ آفیسر ایم سرینواس ریڈی نے آج نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے مطابق صبح 11 تا 3 بجے دن پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں۔ 24 اکٹوبر سہ پہر 3 بجے پرچہ جات سے دستبرداری کی مہلت رہے گی جبکہ 25 اکٹوبر کو ایچ آئی سی سی میں منعقد ہونے والے پلینری سیشن میں صدر کے انتخاب کا اعلان کیا جائے گا۔ پارٹی نے دیہی سطح سے تنظیمی انتخابات کا مرحلہ مکمل کرلیا ہے۔ دیہاتوں کے علاوہ منڈل اور ٹاؤنس کی سطح پر تنظیم سازی مکمل کرلی گئی۔ ریاستی صدر کے انتخاب کے بعد ضلع اور ریاستی کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں آئے گی۔ صدارتی انتخاب کے نوٹیفکیشن کی اجرائی کے ساتھ ہی پارٹی ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں زبردست سرگرمیاں دیکھی جارہی ہیں۔ نوٹیفکیشن کی اجرائی کے فوری بعد ریاستی وزراء اور اہم قائدین نے صدارت کیلئے کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ پارٹی کے اہم قائدین نے صدارت کیلئے کے چندر شیکھر راؤ کے نام کی تائید کی۔ ریاستی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، ارکان کونسل اور ریاستی کمیٹی کے ارکان نے علحدہ علحدہ طور پر کے سی آر کے نام کی تائید کی۔ وزراء کی جانب سے وزیر داخلہ محمد محمود علی، ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے ڈاکٹر کے کیشو راؤ، ارکان اسمبلی کی جانب سے لکشما ریڈی، ریاستی عاملہ کی نمائندگی ٹی رویندر راؤ نے کی جبکہ ارکان کونسل کی جانب سے بی پرکاش راؤ نے کے سی آر کے حق میں پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ کئی وزراء اور عوامی نمائندوں نے کے سی آر کے نام کی تائید کی ہے۔ کے سی آر کی تائید میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے والوں میں ریاستی وزراء ستیہ وتی راٹھور، سبیتا اندرا ریڈی، ای دیاکر راؤ، اندرا کرن ریڈی، نرنجن ریڈی، سرینواس گوڑ، ٹی سرینواس یادو، جگدیش ریڈی، ملا ریڈی، پی اجئے کمار، ارکان پارلیمنٹ کے کیشو راؤ، رنجیت ریڈی، راملو، بی پرکاش، وینکٹیش، کے لکشمی کانت راؤ، این ناگیشور راؤ، کے پربھاکر ریڈی، بی لنگیا یادو، ایم سرینواس ریڈی، ایم ایل سی کے کویتا، ایم ایس پربھاکر، ایس راجو، بھانو پرساد راؤ، نوین، ایس وانی دیوی، لکشمی نارائن، دیانند، ٹی چنپا ریڈی، دامودر ریڈی، فاروق حسین، ارکان اسمبلی جیون ریڈی، لکشما ریڈی، رویندر ناتھ ریڈی، کے یادیا، جئے پال یادو، دانم ناگیندر، ایم آنند، ریکھا نائیک، ایم گوپی ناتھ اور پارٹی کی ریاستی عاملہ کے قائدین شامل ہیں۔ر