ٹی آر ایس تلنگانہ میں بی جے پی کی بی ٹیم: بھٹی وکرامارکا

   

ظہیرآباد میں راہول گاندھی کے جلسہ کے انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد۔ 28 مارچ (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے آج ظہیر آباد میں صدر اے آئی سی سی راہول گاندھی کے جلسہ عام کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ راہول گاندھی یکم اپریل کو ظہیرآباد میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ بھٹی وکرامارکا نے سابق وزیر ڈاکٹر جئے گیتا ریڈی اور سابق گورنمنٹ وہپ ای انیل اور دیگر قائدین کے ہمراہ جلسہ عام کے مقام کا دورہ کیا۔ جلسہ میں لاکھوں کی تعداد میں عوام کی شرکت کی توقع ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس تلنگانہ میں بی جے پی کی بی ٹیم کی طرح کام کررہی ہے۔ ٹی آر ایس کو ووٹ دینا بی جے پی کو ووٹ دینے کے مترادف ہے۔ بی جے پی نے فرقہ وارانہ کشیدگی کے ذریعہ ملک میں امن و امان کا خطرہ پیدا کردیا ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں اقلیتوں کو مختلف عنوانات سے نشانہ بنایا گیا۔ بی جے پی حکومت نے ملک کے اتحاد و یکجہتی کو خطرہ پیدا کردیا ہے۔ ملک کی سالمیت اور اتحاد کے تحفظ کے لیے راہول گاندھی کا وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہونا ضروری ہے۔ سکیولرازم کا تحفظ صرف کانگریس پارٹی کرسکتی ہے۔ ٹی آر ایس کو 16 نشستوں کی کامیابی سے متعلق دعوئوں کو مسترد کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کونسل کے انتخابات میں عوام نے جس طرح ٹی آر ایس کو مسترد کیا ہے اسی طرح لوک سبھا انتخابات میں بھی مسترد کردیں گے۔ 16 ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے کا دعوی مضحکہ خیز ہے۔ ملک میں سکیولر طاقتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سکیولر طاقتوں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ راہول گاندھی کے تینوں جلسہ عام میں عوام کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔