ٹی آر ایس کی دھاندلیوں کے باوجود کانگریس کی شاندار کامیابی یقینی

   

محمد علی شبیر کا دعوی، فہرست رائے دہندگان میں خامیوں سے عوام کو مشکلات
حیدرآباد۔22 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے بلدی انتخابات کی رائے دہی کے دوران ٹی آر ایس پر انتخابی دھاندلیوں کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے برسر اقتدار پارٹی کے حق میں کام کیا ہے۔ محمد علی شبیر نے کاماریڈی کے وارڈ 48 کے پولنگ بوتھ پر عام رائے دہندے کی طرح قطار میں ٹھہر کر ووٹ دیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رائے دہی اگرچہ پرامن جاری ہے، لیکن انتخابی فہرست رائے دہندگان میں کئی خامیوں کے نتیجے میں عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن فہرست رائے دہندگان کی شفافیت کے ساتھ تیاری میں ناکام ہوچکا ہے۔ ایک میونسپلٹی میں کئی افراد کا نام مختلف وارڈس میں رائے دہندے کے طور پر موجود ہے جس کے نتیجہ میں بوگس رائے دہی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن فہرست رائے دہندگان کی تیاری میں چوکسی اختیار کرتا تو بوگس رائے دہی کو روکا جاسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنر نے رائے دہی سے ایک دن قبل ایک سے زائد مقامات پر نام کی موجودگی اور بوگس رائے دہی کے بارے میں انتباہ دیا۔ اگر یہیہ بیان چند دن قبل جاری کیا جاتا تو دھاندلیوں کو روکنے میں مدد ملتی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ کئی اضلاع میں شکست کے خوف سے ٹی آر ایس قائدین کھلے عام انتخابی دھاندلیوں میں ملوث پائے گئے۔ سرکاری مشنری، دولت اور شراب کا استعمال کیا گیا۔ رائے دہندوں کو خریدنے کے لیے بھاری رقم خرچ کی گئی اور پولیس نے اپوزیشن کی شکایت کے باوجود ٹی آر ایس قائدین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں ماحول ٹی آر ایس کے خلاف ہے کیوں کہ گزشتہ چھ برسوں میں انتخابی وعدوں کی تکمیل اور بلدیات کو ترقی دینے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکست کا پہلے سے اندازہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس نے بے قاعدگیوں کا منصوبہ تیار کیا اور سرکاری مشنری کی مدد سے منصوبے کی تکمیل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے رویہ پر شبہات کی گنجائش ہے کیوں کہ کئی مقامات پر کمیشن نے جانبدارانہ رویہ اختیار کیا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ ٹی آر ایس کی دھاندلیوں اور سرکاری مشنری کے استعمال کے باوجود بلدی انتخابات میں کانگریس کو شاندار کامیابی حاصل ہوگی۔