ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نئی تاریخ رقم کرٹس کیمفر کی چار گیندوں میں چاروکٹیں

   

ابوظہبی ۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آئرلینڈ کے کرٹس کیمفر نے 4 گیندوں پر 4 وکٹیں لے کر نئی تاریخ رقم کردی، وہ بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز میں یہ کارنامہ انجام دینے والے تیسرے جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بولر ہیں۔ابوظبی میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں کرٹس کیمفر نے چار گیندوں پر چار وکٹیں لیں۔انہوں نے اننگز کے دسویں اوور میں پہلے کولن ایکرمین، پھر ریان ٹین ڈوشاٹے، اس کے بعد اسکاٹ ایڈورڈز اور پھر رولولف وین ڈر مروو کو آوٹ کیا۔وہ ٹی ٹوئنٹی کے بین الاقوامی میچز میں چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے بولر ہیں۔اس سے قبل لاستھ ملنگا نے نیوزی لینڈ کیخلاف جبکہ راشد خان نے آئرلینڈ کے خلاف چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔اس سے قبل 2007 میں آسٹریلیا کے بریٹ لی نے بنگلہ دیش کیخلاف ہیٹ ٹرک کی تھی جو ورلڈکپ اور ٹی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز، دونوں ہی کی پہلی ہیٹ ٹرک تھی۔