ٹی-20 عالمی کرکٹ مقابلے میں ہندوستان کی شکست کا جشن منانے والے کشمیری طلبا کو ملی ضمانت

   

الہ آباد: ٹی-20 عالمی کپ میں پاکستان کے ہاتھوں ہندوستان کی شکست کے بعد جشن منانے کے الزام میں آگرہ میں تین کشمیری طلبا کو گرفتار کیا گیا تھا۔ تینوں پر الزام تھا کہ انہوں نے ہندوستان کی شکست کے بعد پاکستان کی حمایت میں نعرے بازی کی تھی۔ اب الہ آباد ہائی کورٹ نے تینوں طلبا کو ضمانت دے دی ہے۔ واضح رہے کہ پولیس نے تینوں کو 27 اکتوبر 2021 کو گرفتار کیا تھا۔ تینوں طلبا آگرہ کالج کے ہیں اور ان کی پہچان ارشد یوسف، شوکت احمد غنی اور عنایت الطاف کے طور پر ہوئی ہے۔الزام ہے کہ 24 اکتوبر 2021 کو ہندوستان کی شکست کے بعد تینوں نے جم کر جشن منایا تھا اور اس دوران پاکستان کی حمایت میں کھلے عام نعرے بازی کی تھی۔ جس کے بعد طلبا پر معاملہ درج کیا گیا تھا اور انہیں آگرہ سے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔