پارلیمانی انتخابات کو فرقہ وارانہ منافرت میں جھونکنے کی دانستہ سازش

   

انتخابات سے عین قبل ‘ سی اے اے کا نفاذ
حکومت کی ہٹ دھرمی‘ محمد عبدالعزیز صدر ایم پی جے تلنگانہ کا ردعمل

حیدرآباد ۔ 16 مارچ (پریس نوٹ) ملک میںاگلے ماہ منعقد ہونے والے لوک سبھا کے انتخابات کی تاریخ کا کسی بھی دن الیکشن کمیشن کی طرف سے اعلان کیا جاسکتا ہے جس کے بعد، دستور کی ہدایات کی روشنی میں،حکومت کسی بھی سرکاری اسکیم یا کسی قانون کے نفاذ کا اعلان نہیں کرسکتی۔ اس کے باوجود، مرکزی حکومت کی جانب سے 2019 کے قانون شہریت (سی اے اے) کے نفاذ کا اعلان ‘ حکومت کی ہٹ دھرمی‘من مانی اور ضد کی زندہ مثال ہے۔ محمد عبدالعزیزؔ صدر موئومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس تلنگانہ نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ فی الواقع، قانون شہریت سی اے اے، بھارت کے عوام کی ہرگز مرضی یا رضامندی کی نمایندگی نہیں کرتا بلکہ یہ مرکزی حکومت کی ہر معاملے میں اپنی من مانی کرنے کی عادت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت کی جانب سے، عین لوک سبھا انتخابات سے قبل، 2019 کے اس قانون کے نفاذ کی کوششوں پر شدید عدم اطمینان اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چار سال قبل بھی اس قانون کے نفاذ کی کوششوں کے خلاف ملک گیر سطح پر عوامی ناراضگی اور غم و غصے کاناقابل تسخیر اظہار کیا جاچکا ہے۔اب لوک سبھا کے انتخابات کوانہوں نے فرقہ وارانہ منافرت میں جھونکنے کی دانستہ سازش قرار دیااورکہاکہ اس قانون کی بنیاد ہی مذہبی اصولوں پر رکھی گئی ہے جو سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کی سراسر خلاف ورزی کانمایاں ثبوت ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ان دھماکو حالات کے پیش نظر، ایم پی جے تلنگانہ، اس رجعت پسندانہ بنیادوں پر کی گئی قانون سازی کی سخت مخالفت کرتی ہے اور تمام قانون دانوں، دانشوروں اور سماجی جہد کاروں سے آئینی بنیادی اصولوں اور قانون کی حکمرانی کو ترجیح دیتے ہوئے، دستور کی حکمرانی برقرار رکھنے کا مطالبہ کرتی ہے۔
سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے سہ رکنی کمیٹی تشکیل
حیدرآباد ۔ 16 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے گورنمنٹ ٹیچرس اور سرکاری ملازمین کے مسائل کا جائزہ لینے اور انہیں حل کرنے کے سلسلہ میں پیشقدمی کرنے کیلئے ایک سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ملازمین کی تنظیموں اور یونینس کی جانب سے حال میں داخل کی گئی درخواستوں وغیرہ کا جائزہ لینے کے بعد چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے یہ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کمیٹی میں ریاستی پلاننگ بورڈ وائس چیرمین جی چناریڈی اور جے اے سی چیرمین اور ریٹائرڈ پروفیسر کودنڈارام اور آئی اے ایس عہدیدار دیوئیا ہوں گے۔ چیف منسٹر نے 10 مارچ کو ایم سی آر ایچ آر ڈی پر سرکاری ملازمین اور ٹیچرس کی اسوسی ایشنس کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا تھا۔