پارلیمانی جمہوری نظام ملک کیلئے بہتر ، ہنگاموں سے راستے نکلتے ہیں:رجیجو

   

نئی دہلی، 10 ستمبر (یو این آئی) پارلیمانی اور اقلیتی امور کے وزیر کیرن رجیجو نے پارلیمانی جمہوری نظام کو ہندوستان کے نقطہ نظر سے ملک کیلئے سب سے موزوں قرار دیتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ قانون ساز اداروں میں ہنگامے ہوتے رہتے ہیں اور ان کے درمیان سے راستہ نکلتا رہتا ہے ۔ رجیجو یہاں جواہر نوودیہ ودیالیہ کیلئے 27ویں قومی یوتھ پارلیمنٹ مقابلہ، 2025-26 کی تقسیمِ انعامات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ پارلیمانی امور کے وزیر نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ہنگامے ہوتے رہتے ہیں۔ اس سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ لوگ سوال اٹھائیں گے ۔ دنیا میں ہر جگہ قانون ساز اداروں میں ہنگامے ہوتے ہیں، کہیں کہیں تو ہاتھا پائی تک دیکھنے کو ملتی ہے ، لیکن ہنگامے کے درمیان سے راستہ نکلتا ہے ۔ رجیجو نے مغربی ایشیا اور دیگر خطوں کے ممالک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج بھی بادشاہت کے نظام چل رہے ہیں، آئینی بادشاہتیں بھی چل رہی ہیں اور امریکہ جیسا صدارتی نظام بھی موجود ہے ۔ انہوں نے کہا، “ہندوستان کیلئے پارلیمانی نظام سب سے بہترین ہے ۔ اس میں عوام اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعہ اپنی حکومت چلاتے ہیں۔ وزراء حکومت کا کام کاج دیکھتے ہیں اور پارلیمنٹ کے سامنے جوابدہ ہوتے ہیں۔ وزراء سے عوام کے نمائندے سوال پوچھتے ہیں اور وزراء کو اس کا جواب دینا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جیسے صدارتی نظام میں عوامی نمائندہ قانون بناتے ہیں لیکن وزراء پارلیمنٹ میں نہیں آتے ۔ صدر بھی سال میں صرف ایک بار پارلیمنٹ سے خطاب کرنے آتے ہیں۔ میرا ذاتی خیال ہیکہ ہندوستان کیلئے پارلیمانی نظام سب سے بہترین ہے۔ اس بار اس مقابلے میں پی ایم شری جواہر نوودیہ ودیالیہ، اکھرول-1، منی پور نے پارلیمنٹ کی کارروائی کی شاندار پیشکش کیلئے پہلا مقام حاصل کیا اور وزیر نے اس اسکول کو مقابلے کی رننگ ٹرافی فراہم کی۔
اس کے علاوہ پی ایم شری جواہر نوودیہ ودیالیہ، کولم، کیرالا، پی ایم شری جواہر نوودیہ ودیالیہ، تھیوگ، شملہ، ہماچل پردیش، پی ایم شری جواہر نوودیہ ودیالیہ، سورت گڑھ، شری گنگا نگر-2، راجستھان، پی ایم شری جواہر نوودیہ ودیالیہ، ملہار، بلاس پور، چھتیس گڑھ، پی ایم شری جواہر نوودیہ ودیالیہ، ولساد، گجرات، پی ایم شری جواہر نوودیہ ودیالیہ، پورولیا، مغربی بنگال اور پی ایم شری جواہر نوودیہ ودیالیہ، ادھم سنگھ نگر، اتراکھنڈ کو ان کی شاندار کارکردگی کیلئے ‘میرٹ ٹرافی’ دی گئی۔ پارلیمنٹ کے لائبریری بھون کے جی ایم سی بالیوگی آڈیٹوریم میں منعقدہ تقسیمِ انعامات کی تقریب میں اس بار پہلا انعام حاصل کرنے والے منی پور کے جواہر نوودیہ ودیالیہ کے طلباء اور اساتذہ کی ٹیم نے لوک سبھا کی کارروائی کی ایک اسٹیج پیشکش دی۔ انہوں نے نئے منتخب اراکین کو حلف دلائے جانے سے لے کر، وقفہ سوالات، خصوصی ذکر، ایوان میں دستاویزات پیش کرنے ، دوسرے ایوان کے پیغامات، بلوں کو پیش کرنے اور منظور کرانے کے طریقہ کار کا ڈرامائی روپ پیش کیا۔ کیرن رجیجو نے طلباء کی اس کارکردگی کی ستائش کی۔ انہوں نے اس پیشکش کے دوران منی پور کے امن و قانون پر طالب علم رکنِ پارلیمنٹ کے سوال اور وزیر داخلہ کا کردار ادا کرنے والے طالب علم کے جواب کا خصوصیت کے ساتھ ذکر کیا۔ پروگرام سے پارلیمانی امور کے محکمہ کے سکریٹری نکنج بہاری دھل اور ایڈیشنل سکریٹری ڈاکٹر ستیہ پرکاش نے بھی خطاب کیا۔