پارلیمنٹ میں آج حکومت کیخلاف اپوزیشن کمربستہ

,

   

سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی پر فوری مباحث کا مطالبہ ، کانگریس تحریک التواء پیش کرے گی

نئی دہلی ۔ /2 فبروری(سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن پارٹیوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کل پارلیمنٹ میں شہریت ترمیمی قانون این پی آر اور این آر سی سے متعلق مسائل پر حکومت کو گھیرے میں لے گی ۔ ذرائع نے کہا کہ کانگریس ، ترنمول کانگریس ، بائیں بازو پارٹیاں ، راشٹریہ جنتادل اور دیگر پارٹیوں نے پہلے ہی راجیہ سبھا میں تحریک التواء کی نوٹسیں دی ہیں اور شہریت ترمیمی قانون ، نیشنل پاپولیشن رجسٹریشن (این پی آر) اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس (این سی آر) پر فوری مباحث شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے لوک سبھا میں بھی تحریک التواء پیش کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اپوزیشن پارٹیاں پارلیمنٹ کے دونوں ایوان میں شہریت ترمیمی قانون این پی آر اور این آر سی پر مباحث کا مطالبہ کررہی ہیں ۔ حکومت کی کوششوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاج ہورہا ہے ۔ سی اے اے کو واپس لینے پر زور دیا جارہا ہے ۔ اپوزیشن پارٹیوں نے پارلیمنٹ سے منظورہ سی اے اے کو غیردستوری قرار دیا اور سپریم کورٹ میں بھی اس قانون کو چیلنج کیا ہے ۔ سپریم کورٹ میں اس مسئلہ پر جاریہ ماہ کے اواخر میں سماعت ہوگی ۔ اپوزیشن پارٹیوں نے ان ریاستوں کے چیف منسٹروں کو بھی زور دیا ہے جنہوں نے سی اے اے کی مخالفت کی ہے لیکن این پی آر کی مخالفت نہیں کی ۔ ان ریاستوں میں این پی آر پر عمل آوری نہیں کی جانی چاہئیے ۔ پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کا /31 جنوری سے آغاز ہوا ۔ صدرجمہوریہ نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوان سے مشترکہ طور پر خطاب کیا ۔ یکم فبروری کو مرکزی بجٹ پیش کیا گیا ۔ دونوں ایوانوں میں کل پیر سے صدرجمہوریہ کے خطاب پر تحریک پر مباحث شروع ہوں گے ۔