پارلیمنٹ کی مراعات کمیٹی سے رجوع ہونے رکن راجیہ سبھا سی ایم رمیش کا اعلان

   

حیدرآباد۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا سی ایم رمیش نے امن و ضبط کی صورتحال کو ابتر قرار دیتے ہوئے پارلیمنٹ کی مراعات کمیٹی سے رجوع ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں سرکاری سطح پر تشدد کے ذریعہ اپوزیشن کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور حالیہ عرصہ میں فرضی مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔ انہوں نے کرشنا ضلع میں پولیس مظالم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے جمہوریت کا قتل کرتے ہوئے پارٹی کے ریاستی صدر اور دیگر قائدین کو گرفتار کرلیا۔ آندھرا پردیش میں قانون کی حکمرانی کا کوئی وجود نہیں ہے اور پولیس عہدیدار حکومت کے اشارے پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس سے سوال کیا کہ پولیس کی غیر جانبداری کس طرح ختم ہوگئی؟ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی قائدین کو رہا نہیں کیا گیا تو ریاست بھر میں چلو پولیس اسٹیشن جلوس منظم کئے جائیں گے۔ر