پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ آرائی، ٹی آر ایس کا واک آؤٹ

,

   

وقفہ سوالات میں رکاوٹ، تلنگانہ سے دھان کی خریدی کا مطالبہ، نعرہ بازی کے دوران لوک سبھا ملتوی کرنا پڑا
حیدرآباد۔/5 اپریل، ( سیاست نیوز) پارلیمنٹ میں ٹی آر ایس ارکان نے کسانوں سے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر مرکز کے خلاف احتجاج منظم کیا۔لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں ٹی آر ایس کے احتجاج کے سبب کارروائی میں خلل پڑا۔ احتجاجی ارکان پلے کارڈز تھامے تھے جن پر کسانوں سے دھان کی خریدی کا مطالبہ تھا۔ ارکان نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کے وسط میں پہنچ کر نعرہ بازی کی ۔ اسپیکر لوک سبھا اوم برلا اور صدرنشین راجیہ سبھا وینکیا نائیڈو نے مباحث کی اجازت سے انکار کیا جس کے بعد ٹی آر ایس ارکان نے مرکز کے خلاف نعرہ بازی کی۔ دونوں ایوان مخالف حکومت نعروں سے گونج اٹھے۔ بعد میں ٹی آر ایس ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ ارکان کا کہنا تھا کہ مرکز دھان کی خریدی کے معاملہ میں تلنگانہ کے ساتھ جانبداری کا رویہ اختیار کئے ہے جبکہ پنجاب اور دیگر ریاستوں سے مکمل دھان خریدی جارہی ہے۔ کے آر سریش ریڈی نے راجیہ سبھا میں کہا کہ دھان کی خریدی مسئلہ پر مرکزغیرضروری تنازعہ پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کا موقف غیر واضح ہے جبکہ ٹی آر ایس حکومت نے بارہا پیوش گوئل کو صورتحال سے واقف کرایا ہے۔ ٹی آر ایس کی جانب سے روزانہ تلنگانہ کے کسی مسئلہ پر تحریک التواء پیش کی جارہی ہے۔ ٹی آر ایس نے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر 11 اپریل کو دہلی میں بڑے پیمانے پر مظاہرہ کی تیاری کرلی ہے۔ پارلیمانی پارٹی لیڈر ڈاکٹر کیشوراؤ نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں کے ساتھ سیاست بند کرے۔ پارلیمنٹ میں ٹی آر ایس ارکان نے کسانوں کے تحفظ اور تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کا رویہ ترک کرنے کے حق میں نعرے لگائے۔ انہوں نے دھان کی خریدی کیلئے قومی سطح پر پالیسی وضع کرنے کا مطالبہ کیا۔ ٹی آر ایس احتجاج کے دوران اسپیکر اوم برلا نے کارروائی کو دوپہر 12 بجے تک ملتوی کردیا۔ لوک سبھا میں ٹی آر ایس قائد ناگیشور راؤ نے تحریک التواء پیش کی اور دھان کی خریدی پر مباحث کا مطالبہ کیا۔ ٹی آر ایس ارکان نے ترقی کے راستہ پر گامزن ریاستوں کے ساتھ ناانصافی کا رویہ ترک کرنے کی مانگ کی۔دونوں ایوانوں سے واک آؤٹ کے بعد ٹی آر ایس ارکان نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں مجسمہ مہاتما گاندھی کے قریب احتجاج منظم کیا۔ر