حیدرآباد ۔ 15 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی قائدین اور ان کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کے خلاف پولیس کو سخت انتباہ دیا ۔ پارٹی ہیڈکوارٹر پر لگائی گئی حصار بندی کو فوری ہٹا دینے کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ چندرا بابو نائیڈو منگل گری میں واقع تلگو دیشم پارٹی آفس کو پہونچے ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرنے کے لیے بھاری تعداد میں تلگو دیشم کے قائدین اور پارٹی کارکن پارٹی آفس پہونچے ۔ چندرا بابو نائیڈو کے چیف منسٹر بن جانے کے بعد پولیس کی جانب سے پارٹی ہیڈکوارٹر پر سخت سیکوریٹی کے ساتھ سخت حصار بندی لگادی گئی جس کو دیکھ کر چندرا بابو نائیڈو برہم ہوگئے اور حصار بندی لگانے کی پولیس سے وجہ طلب کی اور سابق حکومت کے کلچر سے دستبردار ہوجانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ برسوں سے پارٹی کارکنوں سے راست طور پر ملاقات کرتے آرہے ہیں یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا ۔ میرے اور کارکنوں کے درمیان ملاقات میں ابھی تک کوئی رکاوٹ نہیں تھی ۔ نئی روایت شروع کرنے پر پولیس پر ناراضگی کا اظہار کیا۔2