پارکنگ کے مسئلہ پر پڑوسیوں میں جھگڑا

   

حیدرآباد : کلثوم پورہ کے علاقہ مستعید پورہ میں کل رات پیش آئے ایک واقعہ میں پارکنگ کے مسئلہ پر پڑوسیوں نے اپنے پڑوسی کے مکان پر حملہ کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق 54 سالہ فاروق حسین کے مکان پر اس کے پڑوسی فیروز حسین نے اپنے دیگر افراد خاندان کے ہمراہ یہ حملہ کیا ۔ فاروق حسین نے پولیس میں ایک شکایت درج کروائی جس میں کہا کہ فیروز اور دیگر افراد نے اس کے مکان میں داخل ہوکر اس کے بیٹے عبداللہ فہد ، فیصل عبدالرحمن ، عبدالفتح اور خواتین پر بھی حملہ کیا جس میں ان کے جسم پر زخم آئے ۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حملہ آور اپنے ساتھ مہلک ہتھیار اور آہنی سلاخیں بھی ساتھ لائے تھے اور حملہ کے دوران مکان کے اشیاء کے علاوہ گاڑیوں کو بھی نقصان پہونچایا ۔ بتایا جاتا ہے کہ فاروق حسین نے اپنی موٹر سائیکل فیروز کے مکان کے قریب پارک کی تھی اور اس مسئلہ پر دونوں کے درمیان زبردست جھگڑا ہوا اور فاروق کے مکان پر حملہ کیا گیا ۔ پولیس کلثوم پورہ نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔