پاسپورٹس کی اجرائی میں پوسٹ آفسیس کا کلیدی رول ،پاسپورٹ خدمات میں اضافہ

   

حیدرآباد : پوری ریاست تلنگانہ میں پاسپورٹس کی اجرائی کے عمل میں تیزی لانے کی کوشش میں وزارت خارجہ امور (MEA) اور انڈیا پوسٹ نے پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندراس (POPSKS) کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ریجنل پاسپورٹ آفیسر (آر پی او) ، تلنگانہ داسری بالیا اور ایس راجندر کمار ، چیف پوسٹ ماسٹر جنرل ، تلنگانہ سرکل کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں POPSKS کے ذریعہ پاسپورٹ خدمات میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ہر سال تمام فریش گریجویٹس کو پاسپورٹس جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ راجندر کمار نے کہا کہ وزارت خارجہ امور کی جانب سے جاری کیا جانے والے پاسپورٹ ایک سرکاری دستاویز ہوتا ہے جس کو بیرونی ممالک کے سفر اور وہاں تعلیم کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر کے ساتھ ہوئی میٹنگ کے دوران ہم نے ممکنہ بڑی تعداد میں لوگوں کو پاسپورٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ زیادہ اہمیت کے ساتھ فریش گریجویٹس کو ۔ ‘‘ مسٹر کمار نے کہا کہ ’’ہم نے دیکھا کہ کئی گریجویٹس اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے کنیڈا ، امریکہ ، یوروپ اور آسٹریلیا جانے کا پروگرام بناتے ہیں ۔ ہم نے ان نوجوانوں کو ان کے لئے آسان سروس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کے خوابوں کے مطابق کے منصوبوں میں مددکے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب محکمہ ڈاک کی جانب سے پاسپورٹس کی فراہمی میں ایک اہم اور کلیدی رول ادا کیا جائے گا ۔ چیف پوسٹ ماسٹر جنرل راجندر کمار نے کہا کہ ’’محکمہ ڈاک ہماری اسپیڈ پوسٹ سرویسیس کے ذریعہ پاسپورٹس حوالہ کررہا ہے ۔ اب وزارت خارجہ امور نے ہمارے محکمہ کو مزید موثر انداز میں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاست میں تمام ہیڈ پوسٹ آفسیس بھی POPSKS کے طور پر خدمات انجام دیں گے اور پاسپورٹ درخواستوں پر کارروائی کریں گے ۔ اس شراکت کا مقصد اس خدمت کو وسعت دینا اور عوام کی مددکرنا ہے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ وباء کی صورتحال قابو میں آنے کے ساتھ پاسپورٹ حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا ۔ ’’ اب پورے ملک میں ویکسیسنیشن پروگرام شروع ہوگیا ہے اور ہم توقع کررہے ہیں کہ زیادہ درخواستیں وصول ہوں گی کیونکہ کئی ممالک نے سفر کے اصول و قواعد میں آسانی شروع کردیا ہے ۔ تلنگانہ میں پہلا POPSK ،/28 مارچ 2019 ء کو محبوب نگر ہیڈ پوسٹ آفس میں کھولا گیا تھا ۔ بعد میں ریاست میں مزید 13 پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندراس کھولے گئے ۔