پاسپورٹ ہولڈرس کی سہولت کیلئے اقدامات

   

پاسپورٹ کی مدت کے اختتام سے قبل ایس ایم ایس الرٹ سسٹم کے انتظامات
حیدرآباد ۔ /27 اگست (سیاست نیوز) پاسپورٹ ہولڈرس کو ان کے پاسپورٹ کی مدت کے اختتام سے قبل ہی بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع دینے کیلئے ریجنل پاسپورٹ آفس سکندرآباد کی جانب سے انتظامات کئے جارہے ہیں اور پاسپورٹ ہولڈرس کو 6 ماہ قبل ہی اختتام مدت کی اطلاع دی جانے سے پاسپورٹ ہولڈرس کو رینوول کی بروقت سہولت رہے گی ۔ واضح ہو کہ عام طور پر پاسپورٹ کا استعمال کرنے والے پاسپورٹ ہولڈرس کو اپنے پاسپورٹ کی مدت کا علم رہتا ہے جبکہ کبھی کبھار پاسپورٹ کا استعمال کرنے والے پاسپورٹ رکھ کر بھی استعمال نہ کرنے والوں کو عام طور پر پاسپورٹ کی مدت اختتام سے واقفیت بہت کم رہتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر لوگ مدت ختم ہونے کے بعد پریشان حال نظر آتے ہیں اور ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور پاسپورٹ ہولڈرس کی سہولت کیلئے ریجنل پاسپورٹ آفس سکندرآباد کی جانب سے ایس ایم ایس الرٹ سسٹم کا آغاز کیا جارہا ہے اور ایس ایم ایس دیکھنے کے بعد پاسپورٹ ہولڈرس کو پاسپورٹ رینول کرنے کا موقع دستیاب رہتا ہے اور پاسپورٹ افسران نے بذریعہ کمپیوٹر راست طور پر ایس ایم ایس روانہ کرنے کے انتظامات کئے ہیں اور پاسپورٹ ہولڈرس کا ڈاٹا افسران نے ڈیجیٹلائیزیشن کردیا ہے ۔