پانچ سو روپے بونس کی آڑ میں لاکھوں روپے لوٹنے والے دھوکہ باز گرفتار

   

حیدرآباد۔ یکم ۔ مارچ (سیاست نیوز) پانچ سو روپے بونس کی آڑ میں لاکھوں روپے لوٹنے والے دو شاطر دھوکہ بازوں کو سائبر کرائم پولیس حیدرآباد نے گرفتار کرلیا۔ سائبر کرائم پولیس کے مطابق 19 سالہ عبداللہ فاروق زون زمینا ساکن سورت گجرات، 27 سالہ شعیب ببلو خاں ساکن ماوانی ممبئی کو گرفتار کرلیا۔ پارٹ ٹائم جاب کے نام پر بذریعہ واٹس ایپ انسٹا گرام ان دونوں نے شکایت گذار سے رابطہ کیا اور بھاری منافع کا لالچ دے کر سرمایہ کاری کے لئے راغب کیا اور شکایت گذار کو اپنے جال میں پھانسنے کے لئے انہوں نے بطور بونس 500 روپے روانہ کئے تاکہ شکایت گذار کو یقین دلایا جاسکے جس کے بعد اپنے جھانسہ کا شکار بنایا اور شکایت گذار سے بھاری رقم سرمایہ کروائی گئی۔ شکایت گذار نے مختلف بینک اکاؤنٹس میں دھوکہ بازوں کے اشارے پر رقم کو منتقل کیا۔ سائبر کرائم پولیس حیدرآباد کے مطابق گرفتار افراد نے اس طرح کے دھوکہ دہی کے ذریعہ 4.5 کروڑ کا دھوکہ دیا اور ملک بھر میں ان کے خلاف 42 مقدمات درج ہیں جن میں 6 مقدمات ریاست تلنگانہ اور حیدرآباد میں تین مقدمات درج ہیں۔ سائبر کرائم پولیس کے مطابق 1.2 کروڑ کی دھوکہ دہی کی گئی۔ رچہ کنڈہ میں ایک کیس پایا جاتا ہے، 65 لاکھ ایک مقدمہ میں دھوکہ دیا گیا جبکہ سائبرآباد حدود میں 10 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کی گئی۔