پانڈیا ، راہول کے خیالات کی ٹیم حمایت نہیں کرتی:کوہلی

   

سڈنی ۔11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا کہ ٹیم ہارڈک پانڈیا اور لوکیش راہول کے ٹی وی شو کے دوران خواتین کے تعلق سے نامناسب تبصرہ کرنے کی حمایت نہیں کرتی لیکن انہوں نے ساتھ ہی زور دیا کہ اس تنازعہ سے ڈریسنگ روم کا ماحول متاثر نہیں ہوگا۔ کوہلی نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز کیلئے پانڈیا اور راہول کی موجودگی اس پر منحصرہے کہ بی سی سی آئی ان کے خلاف کوئی کارروائی کرتا ہے یا نہیں۔ کوہلی نے ونڈے سیریز کے ہفتہ کو یہاں ہونے والے پہلے میچ سے پہلے کہا ہندوستانی ٹیم ٹی وی شو میں اس وقت جو بھی نامناسب تبصرہ کیا گیا اس پر یقینی طور پر حمایت نہیں کرتی۔ یقینی طور پر ہم ٹیم کی شکل میں اس طرح کے نظریے کی حمایت نہیں کرتے وہ انکی ذاتی رائے ہے۔ انہوں نے کہا میں یقینی طور پر کہہ سکتا ہوں کہ ٹیم اور ذمہ دارکھلاڑوں کے طور پر ہم اس طرح کے نظریے کے حق میں نہیں ہیں جو پوری طرح سے ذاتی نظریہ ہے۔